نریندرمودی کی انتخابی ریلیاں گنیز بک میں درج ہونگی

نئی دہلی : (یو این بی ) لوک سبھا انتخابات کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے ریلیوں کے ذریعہ زبردست انتخابی تشہیر کی تھی۔ انہوں نے ایک ایک دن میں کئی کئی ریلیوں سے خطاب کیا تھا۔ ان کی انتخابی تشہیر کی وجہ سے بی جے پی کو انتخابات میں اتنی بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کے لئے جتنی بڑی تعدادمیں ریلیوں سے خطاب کیا ، کسی دیگر لیڈر نے اتنی ریلیوں سے خطاب نہیں کیا ۔ ان ریلیوں کو لیکر وزیراعظم نریندر مودی جلد ہی اپنے نام ایک اور ریکارڈ درج کر لیں گے۔ ان ریلیوں کے دم پر وزیراعظم نریندر مودی کا نام گنیز بک آف ریکارڈس میں درج کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے کسی بھی وزیراعظم کے نام اس طرح کا ریکارڈ درج نہیں ہے۔پیشے سے ہومیو پیتھ ڈاکٹر اور ایک تنظیم کے سکریٹری پارتھ سارتی شرما نے گنیز بک سے وزیراعظم نریندر کی ریلیوں کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھاجس پر گنیز بک نے مثبت قدم اٹھایا ہے۔ پارتھ سارتھی شرما کا کہنا ہے کہ ہم نے لندن میں گنیز بک کے دفتر میں نریندر مودی کی ریلیوں کو بک میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر مثبت جواب ملا ہے۔ گنیز بک نے مثبت پہل کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی ریلیوںکی تفصیل طلب کی ہے ۔ شرما کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی ریکارڈ ریلیوں سے متعلق گنیز بک کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے مرکزی دفتر کو بھی اطلا ع بھیجی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے پانچ ہزار سے زیادہ ریلیوںسے خطاب کیا اورملک بھر میں تین لاکھ کلومیٹر کا سفر طے کیا۔شرما کا کہنا ہے کہ لیکن ہمارے پاس نریندر مودی کی صرف 1800 ریلیاں ہی درج ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *