عام بجٹ سے ’اچھے دنوں‘ کی امید بھی ختم: کیجریوال

نئی دہلی، 11 جولائی (یو این بی): عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کنوینر اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مودی حکومت کے پہلے عام بجٹ کو مہنگائی اور بدعنوانی بڑھانے والا قرار دیا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ مہنگائی سے پریشان لوگ سوچ رہے تھے کہ شاید اب اچھے دن آئیں گے لیکن اس بجٹ کے بعد واضح ہو گیا کہ اب اچھے دنوں کی امید بھی ختم ہو گئی ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ یو پی اے اور این ڈی اے کے اس بجٹ کے اندر کوئی خاص فرق نہیں ہے۔ جیٹلی کی جگہ اگر چدمبرم کو بٹھا دیا جاتا تو وہ بھی ایسا ہی بجٹ پیش کرتے۔ کیجریوال نے کہا ’’نریندر مودی جی نے کہا تھا کہ بہت ہوئی مہنگائی کی مار، اب کی بار مودی سرکار۔ اس سے لوگوں کو امید تھی کہ جیسے ہی مودی سرکار آئے گی، مہنگائی سے چھٹکارا ملے گا۔ لیکن پچھلے ایک مہینے میں مہنگائی کم ہونے کے بجائے لگاتار بڑھی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا ’’آخری امید کی شمع یہ بجٹ تھی۔ لوگوں کو لگ رہا تھا کہ پچھلے ایک مہینے میں جو مہنگائی بڑھی ہے، بجٹ میں اس سے راحت دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس مہنگائی کے اوپر پورا کا پورا بجٹ خاموش ہے۔ بجٹ میں مہنگائی کو کم کرنے کے لیے ایک بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔‘‘ کیجریوال نے کہا کہ بجٹ میں بدعنوانی کو کم کرنے کے لیے بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ کیجروال کے مطابق مودی جی نے کہا تھا ’بہت ہوا بھرشٹاچار، اب کی بار مودی سرکار‘۔ پچھلے ایک مہینے میں اور اس بجٹ میں بدعنوانی کو کم کرنے کے لیے بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی بار بار کہتی رہی ہے کہ جب تک بدعنوانی کم نہیں ہوگی، تب تک مہنگائی کم نہیں ہوگی۔ تعلیم اور صحت کے لیے اس بجٹ میں کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ بے روزگاری کو دور کرنے کے لیے بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *