’مڈ ڈے میل‘ کا کھانے سے 50 بچے بیمار

ٹیکم گڑھ، 19 جولائی (یو این بی): طویل مدت سے چل رہے مڈ ڈے میل منصوبہ کے تحت کھانوں میں خرابی کے واقعات دن بہ دن بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں بہار کے ایک اسکول میں بنے مڈ ڈیل میل کا کھانا کھانے کے بعد کئی بچے بیمار پڑ گئے تھے اور اس کھانے میں سانپ جیسے کسی مادہ کے ہونے کی بات بھی خبروں میں آئی تھی۔ ابھی اس خبر کے آئے زیادہ دن بھی نہیں ہوئے ہیں کہ مدھیہ پردیش کے ایک اسکول میں مڈ ڈے میل کا کھانا کھا کر تقریباً 50 بچوں کی حالت غیر ہو گئی ہے۔

مدھیہ پردیش کے ٹیکم گڑھ واقع اسکول کے بچے اچانک مڈ ڈے میل کا کھانا کھانے کے بعد سبھی بیمار پڑنے لگے۔ صورت حال کو بگڑتا دیکھ سبھی بیمار بچوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بچوں کے بیمار پڑنے سے ناراض مقامی لوگوں نے پرنسپل اودے اہیروار کی زبردست پٹائی بھی کر دی۔ پولس نے اس معاملے میں گائوں کے سرپنچ بتّی چڈھار اور عالم پور کے سرپنچ نیرج کھرے کو لاپروائی برتنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بچوں نے جب یہ کھانا کھایا تو انھیں گھبراہٹ، الٹی اور دست کی شکایت ہونے لگی اور کئی بچے تو بیہوش ہو گئے۔ ظہر کے وقت کھانے میں ارہر کی دال، آلو کی سبزی، چھولے کی سبزی اور روٹی پیش کی گئی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کھانا اسکول میں نہیں بنا کیونکہ وہاں پر باورچی خانہ ہے ہی نہیں۔ غیر سرکاری تنظیم ’مہا کالی‘ کسی دیگر مقام پر کھانا پکوا کر اسکول میں سپلائی کرتا ہے۔ پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *