انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات اور ڈاک محکمہ میں مودی کی دلچسپی

 وزیر اعظم نریندر مودی
وزیر اعظم نریندر مودی

وزیر اعظم ان تین محکموں کے کام کاج کی نگرانی میں روزانہ 4 گھنٹے سے زیادہ صرف کرتے ہیں

نئی دہلی، 21 جولائی (یو این بی): وزیر اعظم نریندر مودی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، ٹیلی مواصلات اور ڈاک محکموں کے کام کاج میں کافی دلچسپی لے رہے ہیں اور تین محکموں کی نگرانی پر وہ روزانہ چار گھنٹے سے زیادہ وقت صرف کر رہے ہیں۔ ٹیلی مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے لوک سبھا میں ملک کے مختلف حصوں میں نئے ڈاک خانے کھولے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں یہ جانکاری دی۔ انھوں نے وقفہ سوال میں اراکین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ڈاک خانہ ملک میں بینکنگ خدمات کی توسیع میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس معاملے میں انڈین ریزرو بینک کے پاس لائسنس سے متعلق درخواست زیر التوا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آئی ٹی، ٹیلی مواصلات اور ڈاک محکموں کے طریقہ کار میں بہتری کے لیے دلچسپی لے رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم باضابطہ طور پر ان تین محکموں میں سے روزانہ نصف گھنٹہ آئی ٹی محکمہ، دو گھنٹے ٹیلی مواصلات محکمہ اور ڈیڑھ گھنٹہ ڈاک محکمہ کو دیتے ہیں۔ روی شنکر پرساد کے جواب کے بعد لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے بھی کہا کہ محکمہ ڈاک پر خصوصی دھیان دیں۔
روی شنکر پرساد نے مزید بتایا کہ ملک میں اس وقت 1,54,856 ڈاکخانے اور 800 صدر ڈاکخانے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں یہ خدمات 150 سال پرانی ہے اور اس میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکخانوں کو جدید شکل دینے اور ان کے ذریعہ دیہی علاقوں میں خدمات کی توسیع پر حکومت کی خصوصی توجہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *