محکمہ ریل نے ’غیر معیاری‘ کھانا فراہم کرنے والے 9 کیٹررس پر 11.50 لاکھ کا جرمانہ لگایا

CATTERING

نئی دہلی، 3 اگست (یو این بی): ٹرینوں میں غیر معیاری کھانا فراہمی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ لیکن اس سمت میں ایک اہم پیش قدمی کرتے ہوئے ریلوے نے 9 کیٹررس پر مجموعی طور پر 11.50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ جن کیٹررس پر جرمانہ لگایا گیا ہے ان میں آئی آر سی ٹی سی بھی شامل ہے۔ وزارت ریل کے ایک سینئر افسر نے اس سلسلے میں بتایا کہ ’’مختلف ٹرینوں میں دیے جا رہے کھانوں کے معیار کی جانچ کے لیے ہم نے گزشتہ ماہ ایک خصوصی مہم شروع کی تھی۔ ہمیں کچھ ٹرینوں میں خراب معیار کا کھانا ملا اور اس کے مدنظر کیٹررس کے خلاف کارروائی کی گئی۔‘‘

آئی آر سی ٹی سی کے علاوہ جن کیٹررس پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ان میں آر کے ایسو سی ایٹس، سن شائن کیٹررس، ستیم کیٹررس، برنداون فوڈ پروڈکٹس بھی شامل ہیں۔ خصوصی ذرائع کے مطابق آئی آر سی ٹی سی پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے کیونکہ 23 جولائی کو کولکاتا راجدھانی میں کھانے میں ’کاکروچ‘ پایا گیا تھا۔ ایک افسر کے مطابق 13 ٹرینوں مین خراب معیار کا کھانا پایا گیا تھا۔ کولکاتا راجدھانی کے علاوہ اس خصوصی مہم میں جن ٹرینوں کے کھانے کی جانچ کی گئی ان میں پچھم ایکسپریس، پشپک ایکسپریس، موتیہاری ایکسپریس، شیو گنگا ایکسپریس، گولڈن ٹیمپل میل، نیتراوتی ایکسپریس، پنجاب میل، ہاوڑہ-امرتسر میل اور چنڈی گڑھ شتابدی شامل ہیں۔ افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ ٹرینوں میں کھانے خراب حالات میں رکھے ہوئے تھے جب کہ کئی ٹرینوں پر کھانے یا تو باسی تھے یا پھر انتہائی گھٹیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کیٹررس پر 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔ ریلوے افسران کے مطابق اگر کوئی کیٹرر پانچ مرتبہ قصوروار پایا جاتا ہے تو اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔
ٹرینوں کے کھانے کے معیار کے بارے میں بڑی تعداد میں شکایتیں ملنے کے بعد ریلوے نے ٹرینوں میں فراہم کیے جا رہے کھانے کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے ایک منظم کوشش کی ہے۔ مرکزی وزیر ریل سدانند گوڑا نے ریل بجٹ میں اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے کیٹرنگ خدمات میں بہتری کا اعلان بھی کیا تھا۔ منصوبہ کے مطابق آئی ٹی سی، ایم ٹی آر اور ہلدی رام جیسے سرفہرست کیٹررس کو آزمائش کے لیے ٹرینوں میں پہلے سے تیار کھانا فراہم کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔ آئی ٹی سی، آئی ٹی آر اور ہلدی رام کا پہلے سے پکا ہوا کھانا فراہم کرنے کے لیے تین اہم ٹرینوں راجدھانی، دورنتو اور شتابدی سمیت چھ ٹرینیں منتخب کی گئی ہیں۔ ان ٹرینوں میں دستیاب کروائے جانے والے لذیز پکوانوں میں چکن چیٹی ناڈ، حیدر آبادی بریانی، سانبھر چاول اور راجما چاول بھی شامل ہیں۔ پہلے سے پکایا گیا کھانا بند پیکٹ میں ہوگا جسے گرما گرم پیش کرنے سے قبل صرف مائیکرو ویو میں گرم کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں ایک افسر کا کہنا ہے کہ ’’ہم پہلے سے بنا کھانا ایک ہفتہ کے ٹرینوں میں فراہم کریں گے۔ اس کے بعد رد عمل کو دیکھتے ہوئے اس کی بنیاد پر دوسری ٹرینوں میں باضابطہ طور پر اس طریقہ کو اختیار کیا جائے گا۔‘‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *