رتن ٹاٹا نے اپنا ذہنی توازن کھو دیا ہے: ترنمول کانگریس

رتن ٹاٹا
رتن ٹاٹا

کولکاتا، 7 اگست (یو این بی): ٹاٹا گروپ کے سبکدوش چیئرمین رتن ٹاٹا سے متعلق ترنمول کانگریس نے آج ایک متنازعہ بیان دیا ہے۔ مغربی بنگال کے وزیر مالیات امت مترا کا کہنا ہے کہ رتن ٹاٹا اپنی بڑھتی عمر کے ساتھ حقیقت سے خود کو روشناس نہیں رکھتے۔ انھوں نے کہا کہ رتن ٹاٹا نے اپنا ذہنی توازن کھو دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹاٹا کے دفتر نے انھیں مغربی بنگال میں صنعتی ترقی کے بارے میں ٹھیک سے نہیں بتایا ہے۔ دراصل ٹاٹا نے آج صبح کہا تھا کہ مغربی بنگال میں صنعتی ترقی دیکھنے کو نہیں ملی۔ اس پر جواب دیتے ہوئے مترا نے کہا کہ رتن ٹاٹا نے اپنے ہوش گنوا دیے ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کی صبح رتن ٹاٹا نے کہا تھا کہ مغربی بنگال میں گجرات کے مقابلے بہت کم ترقی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ جب میں ائیر پورٹ سے آ رہا تھا تو میں نے دیکھا کہ گجرات میں کافی ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ مجھے بہت ساری رہائشی اور کمرشیل عمارتیں نظر آئیں، لیکن انڈسٹری کہیں نظر نہیں آیا۔ انھوں نے کل ہی بھی کہا تھا کہ نینو کار کے کارخانہ کو سنگور سے منتقل کرنا ایک اچھا فیصلہ تھا، لیکن اس کے لیے کمپنی کو کافی خرچ کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا ’’سنگور کے حالات کو دیکھتے ہوئے یہ سمجھداری بھرا فیصلہ تھا۔ لیکن اس سے ہم پر بھاری بوجھ پڑا۔‘‘ ٹاٹا نے نینو کارخانہ کو سنگور سے ہٹا کر سانند (گجرات) میں لگایا تھا۔ ٹاٹا نے نینو کارخانہ کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی کافی تعریف کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *