‘میتھیو’ نے امریکہ کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا

واشنگٹن، 13 اکتوبر (ایجنسی): امریکہ کی جنوب مشرقی حصے کے ساحلی علاقوں میں گزشتہ ہفتے آنے والا سمندری طوفان “میتھیو”، گو کہ نقصانات کا باعث تو بنا لیکن اس سے اتنی تباہی نہیں ہوئی جس کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ طوفان کیریبین خطے میں شدید تباہی لایا تھا اور صرف ہیٹی میں ہی لگ بھگ ایک ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکی ریاستوں فلوریڈا سے شمالی کیرولائنا تک کے ساحلی علاقے میں میتھیو کے باعث املاک کو نقصان پہنچا اور کاروبار زندگی متاثر ہوا۔

فلوریڈا میں امریکہ کے خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کے “لانچنگ پیڈز” اور آلات بھی طوفان سے متاثر ہوئے۔

اس تنصیب کو منگل کو دوبارہ باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا اور اس کے ڈائریکٹر رابرٹ کابانا نے صحافیوں کو بتایا کہ یہاں طوفان سے چھت کو نقصان پہنچا تھا جس کی وجہ سے بارش تنصیب میں رکھے آلات کے نقصان کا باعث بنی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بحالی میں لاکھوں ڈالر صرف ہوں گے لیکن اس کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

کابانا نے کہا کہ “یہ (طوفان) اتنا برا نہیں تھا جتنا یہ ہو سکتا تھا۔”

ادھر ابتدائی اطلاعات کے مطابق میتھیو کے باعث امریکی ریاستوں میں تقریباً دس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے جس میں لگ بھگ دس لاکھ چھوٹی بڑی املاک متاثر ہوئیں۔

بہت سے متاثرہ علاقوں میں ریستوران اور دیگر چھوٹے کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔ جارجیا کے علاقے سوانا میں باغبانی سے وابستہ ایک اسٹور کی مالک ایمی زیپرر کہتی ہیں کہ پودوں سمیت ان کا دس فیصد سامان خراب ہو گیا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ نقصان اس وقت مزید بڑھ جائے گا جب لوگ ہزاروں ڈالر کی روزانہ آمدن سے کئی روز تک محروم ہو جائیں گی۔

2012ء میں ان ہی علاقوں میں آنے والے سمندری طوفان “سینڈی” کے باعث 15 سے 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *