دیوالی پر چائنیز مصنوعات کی فروخت میں 60 فیصد کمی


نئی دہلی، 1 نومبر (ایجنسی): کل ہند تاجر ایسو سی ایشن (کیٹ) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس دیوالی پر چائنیز مصنوعات کی فروخت میں 60 فیصد کی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ کیوں کہ لوگوں کے ذریعہ چائنیز مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر زبردست مہم چلائی گئی۔ کیٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ”یہاں تک کہ فروخت کنندگان نے بھی چائنیز مصنوعات کو فروخت کرنے میں جوش کا مظاہرہ نہیں کیا۔“
چائنیز مصنوعات کی بجائے لوگوں نے مٹی کے دیے، کاغذ، مٹی اور پلاسٹک کے بنے مصنوعات کو ترجیح دی۔ ترجمان نے آگے کہا کہ ”اس سال فروخت کنندگان کا بھی ’میڈ اِن انڈیا‘ مصنوعات فروخت کرنے پر زیادہ زور تھا۔ یہ نتیجہ کیٹ کے ذریعہ 20 شہروں میں اکٹھا کیے گئے اعداد و شمار پر مبنی ہے، جن میں دہلی، ممبئی، ناگپور، جے پور، احمد آباد، کانپور اور بھوپال اہم ہیں۔“ کیٹ کے قومی نائب صدر بی سی بھرتیا اور جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کی اپیل کے بعد چائنیز میڈیا کے ذریعہ یہ کہنا کہ ”ہندوستان صرف بھونک سکتا ہے“، کا اثر صارفین پر دیکھا گیا۔ اس مرتبہ چائنیز پٹاخوں کے مقابلے تمل ناڈو کے شیوکاسی میں بننے والے پٹاخوں کی طلب زوروں پر رہی۔ حالانکہ چائنیز مصنوعات کے متبادل کی شکل میں ہندوستان مصنوعات کافی کم موجود ہیں لیکن اس کے باوجود لوگوں نے ’سودیشی‘ کو ترجیح دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *