2017-18 کا عام بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا


نئی دہلی، 3 جنوری (ایجنسی): مالی سال 2017 کے لیے بجٹ سیشن 31 جنوری کو شروع ہوگا جب کہ یکم فروری کو عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق بجٹ سیشن کا پہلا حصہ 31 جنوری سے 9 فروری تک چل سکتا ہے۔ ساتھ ہی 31 جنوری کو مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کی جانب سے اکونومک سروے پیش کیا جانا ہے۔ وہیں 31 جنوری کو ملک کے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی پارلیمنٹ کے مشتریکہ اجلاس کو خطاب کریں گے۔ تقریباً 92 سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب ریل بجٹ الگ سے پیش نہیں کیا جائے گا۔ مرکزی کابینہ ریل بجٹ کے عام بجٹ میں انضمام کی منظوری دے چکا ہے۔ حالانکہ حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ ریلوے کی خود مختاری پہلے کی طرح برقرار رہے گی۔ اب ریلوے کی آمدنی اور خرچ کی تفصیلات عام بجٹ 2017-18 کا ہی حصہ ہوگا۔ ساتھ ہی فروری کے آخری دن بجٹ پیش کرنے کی دہائیوں پرانی روایت بھی بدل جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت نے ریل بجٹ کے انضمام کا فیصلہ نیتی آیوگ کے رکن وویک دیب رائے کی صدارت والی کمیٹی کی سفارش پر کیا تھا۔ عام بجٹ میں انضمام کے بعد اب ریلوے کو حکومتی خزانے میں نفع کا حصہ جمع نہیں کرنا ہوگا اور اسے اپنے کام کاج سے جڑے مسائل سے متعلق پوری آزادی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *