جامعۃ الفلاح میں’’ اسلام کا عائلی نظام -انسانیت کے لئے رحمت کا پیغام‘‘مجموعہ مقالات کارسم اجراء

islam ka aaili nizam

بلریا گنج، اعظم گڑھ(پریس ریلیز) ’’آج اسلام کے عائلی قوانین کے تحفظ کے ساتھ بڑے پیمانے پر تعارف کی بھی ضرورت ہے۔ عائلی و خاندانی زندگی کس طرح امن و سکون کا گہوارہ بنے، آج کی دنیا کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ آج خاندان بکھر رہے ہیں اور عائلی زندگی بے سکونی کا شکار ہے۔ اسلامی تعلیمات اس سوال کا جواب دیتی ہیں اور اسلامی عائلی قوانین ساری انسانیت کے لئے رحمت کا پیغام ہیں‘‘۔
ان خیالات کا اظہار ناظم جامعۃ الفلاح مولانا محمد طاہر مدنی صاحب نے اس موضوع پر منعقد سیمینار کے مقالات کے مجموعہ کے اجراء کے موقع پر کیا۔ نومبر کی ۵،۶ تاریخ کو جامعہ نے اس موضوع پر دو روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا تھا جس میں وقیع مقالات پیش کئے گئے تھے۔ محترم مولانا انیس احمد مدنی فلاحی نے ان مقالات کو سلیقے سے مرتب کیا ۔ باب اول عائلی قوانین کا تعارف اور تاریخ ، ۹ مقالات پر مشتمل ہے۔ باب دوم خواتین کے حقوق پر ہے جس میں ۷ مقالات ہیں۔ باب سوم کا عنوان اسلام کا نظام نکاح و طلاق ہے اور اس میں ۸ مقالات شامل ہیں۔ باب چہارم اسلام کے نظام وراثت سے متعلق تین مقالات پر مشتمل ہے ۔ باب خامس نظام تربیت پر تین مقالات کا ہے۔ باب سادس متفرقات پر مشتمل ہے جس میں مطلقہ و بیوہ عورتوں کی سروے رپورٹ ، مختصر رپورٹ سیمینار اور قراردادیں شامل ہیں۔ آغاز میں مرتب کے قلم سے ابتدائیہ اور ناظم جامعہ کا مقدمہ واستقبالیہ خطبہ شامل ہے۔
576صفحات پر مشتمل یہ مجموعہ مقالات موجودہ حالات میں ادارہ علمیہ کی جانب سے ایک اہم تحفہ ہے۔ جو اسلام کے عائلی نظام کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرتا ہے ۔ اس وقت اسلامی عائلی قوانین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور عدالتوں میں بھی اہم مقدمات زیر سماعت ہیں۔ مرکزی حکومت کی نیت بھی ٹھیک نہیں ہے۔ علمی انداز سے اعتراضات کے جوابات کے ساتھ بڑے پیمانے پر اسلامی عائلی قوانین کے تعارف و تفہیم کی بھی ضرورت ہے۔ یہ مجموعہ اس سلسلے میں بہت مفید ثابت ہوگا۔ امید ہے یہ پیش کش علمی حلقوں میں پسند کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *