اپنے سیاسی مفاد کے لیے بی جے پی نے فوڈ پارک چھین لیا

راہل گاندھی کا امیٹھی روڈشو،مودی پر تنقید، بی جے پی -کانگریس کارکنوں میں تصادم
امیٹھی 15 جنوری : کانگریس صدر منتخب ہونے کے بعد پیر کو پہلی بار امیٹھی پہنچے راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر امیٹھی سے سوتیلا برتاؤ برتنے کا الزام لگایا۔ راہل نے کہا کہ امیٹھی میں جو فوڈ پارک بنا رہے تھے اس مودی حکومت نے بند کر دیا۔ اگر وہ فوڈ پارک بن جاتا تو کسان کو آلونہیں پھینکنا پڑتا اور دوسری فصلوں کی بھی اچھی قیمت ملتی ۔ راہل گاندھی کو سیاہ پرچم دکھا رہے بی جے پی کارکنوں سے کانگریس کارکنوں کی جھڑپ بھی ہوئی جس میں انہیں چوٹیں بھی لگیں ۔ امیٹھی کے سلون علاقے میں راہل کے صدر بننے کی خوشی میں ایک استقبالیہ تقریب بھی منعقد ہوئی ، یہاں جلسہ عام میں راہل گاندھی نے کسانوں کا مسئلہ اٹھایا اور مودی حکومت پر امیٹھی سے سوتیلابرتاؤ اختیار کرنے کا بھی الزام لگایا ۔واضح ہوکہ راہل نے امیٹھی میں 200 کروڑ کی لاگت والے ایک میگا فوڈ پارک کی بنیاد رکھی تھی۔ اس میں فوڈ پروسیسنگ کے 50 یونٹ بھی لگایا جانا تھا ۔ فرصت گنج ایئر سٹرپ سے پروسیسٹ فوڈ باہر بھیجنے کے لئے کارگو ٹرمینل بننے کی بھی تجویز تھی ؛ لیکن نئی حکومت نے اپنے سیاسی مفاد کے لیے اس کو بند کروا دیا ۔راہل گاندھی نے کہا کہ آلو کے کسان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کس دگرگوں حالت میں جی رہے ہیں ، آپ کو کتنی قیمت ملتی ہے ۔ مودی نے وعدہ کیا تھا کہ صحیح قیمت ملے گی؛ لیکن صورتحال یہاں بہت ہی مختلف ہے ، کسان کو اپنا آلو پھینکنا پڑ رہا ہے،کسان پورے ملک میں پریشان ہیں۔ جب ہماری حکومت تھی تو اس دوران ہم فوڈ پارک بنانا چاہتے تھے جس سے آلو اور دوسری اجناس کے کسانوں کو فائدہ ملتا ؛ لیکن نریندر مودی اور ان کے وزراء نے فوڈ پارک چھینا ۔ بی جے پی راہل کے گڑھ میں نقب زنی کے لئے امیٹھی میں کافی محنت کر رہی ہے۔ اسمرتی ایرانی سے لے کر ا میت شاہ تک یہاں راہل کے خلاف سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس امیٹھی اور رائے بریلی کے علاوہ باقی ساری نشستیں ہار گئی تھی ۔ اور اب تو مرکز کے ساتھ ساتھ ریاست میں بھی بی جے پی کی حکومت ہے۔ ایسے میں امیٹھی میں راہل گاندھی کے لیے مشکلات بڑ ھ گئی ہیں ۔ بی جے پی مسلسل یہ الزام لگا رہی ہے کہ راہل گاندھی نے امیٹھی کے لئے کچھ نہیں کیا؛ لہٰذا آج راہل نے عوام سے اپیل کی کہ آپ لوگوں کو بتائیں کہ کانگریس نے ان کے لئے کیا کیا ہے۔ راہل نے امیٹھی میں لمبا روڈشو کیا جس میں جگہ جگہ ان کا استقبال ہورہا تھا ۔ راستہ میں راہل گاندھی ہنومان کے ایک مندر کی زیارت بھی کی ۔بی جے پی کارکن سلون اور امیٹھی میں راہل گاندھی کی مخالفت کرنے پہنچے تھے،حتیٰ کہ انہوں نے اقتدار کے نشہ میں آکر راہل گاندھی کو امیٹھی میں نے سیاہ پرچم بھی دکھانے کی جرأت کر بیٹھے ۔ دونوں جگہ کانگریسی کارکنان سے ان کی جھڑپ بھی ہوئی، اس جھڑپ میں بی جے پی کارکنا ن کو زخمی بھی ہونا پڑا ۔کانگریس نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے مظاہرین کو پولیس تحفظ دے رہی ہے۔ ان سب کے درمیان راہل نے اپنے جلسوں میں پی ایم مودی پر عوام سے وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا ۔ راہل گاندھی نے سلون کی جلسے میں کہا کہ آپ بتا ئیں کہ پی ایم مودی کے کس منصوبہ نے آپ کو فائدہ پہنچایا ہے ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ایک کے بعد ایک جھوٹ بولتے چلے گئے ۔ 15 صنعت کاروں کا قرض معاف کرنے جا رہے ہیں۔ گجرات میں نوجوانوں کو یونیورسٹی میں داخلہ کے لئے 15 لاکھ فیس ادا کرنی پڑتی ہے۔ واضح ہو کہ راہل گاندھی کا دورہ منگل دن بھی جاری رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *