کروناوائرس سے پوری دنیا میں16314ہلاک،ایک ارب 70کروڑ افراد گھرمیں محصور،مہاراشٹر30اپریل تک لاک ڈائون

CORONA1

نئی دہلی(نیوز ایجنسیاں) دنیا بھر میں کرونا کا قہر جاری ہے ،وائرس 192 ممالک میں پھیل گیا ہے، مجموعی ہلاکتیں 16 ہزار 314 ہوگئی ہیں، کیسز کی تعداد3لاکھ 72 ہزار 634 ہو گئی ہے، جبکہ ایک لاکھ ایک ہزار 373افرادصحت یاب ہو چکے ہیں۔ سعودیہ میں رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا۔اٹلی میں گزشتہ روز مزید 602 افراد ہلاک اور 4790 نئے کیس سامنے آگئے ۔اٹلی میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک ہے جہاں 59ہزار 138افراد متاثر جبکہ تین ہزار افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔ سپین میں مزید 435ہلاکتیں، فرانس 186، ایران 127، امریکہ 85، برطانیہ 54، نیدرلینڈز 34، جرمنی میں 24اور سوئٹزرلینڈ میں 20افراد ہلاک ہوگئے ۔برطانیہ میں کروناسے ہلاکتوں کی تعداد335ہوگئی جبکہ 6ہزارکے قریب شہری متاثرہوچکے ہیں،سپین میں روزانہ ہزاروں کی تعدادمیں نئے کیسزسامنے آنے لگےہیں اسرائیل،زمبابوے ،نائجیریا،مونٹی نیگرواورگیمبامیں پہلی پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔بھارت میں ہلاکتیں 7 ہوگئیں۔دنیا بھر میں گھروں میں محصور افراد کی تعداد ایک ارب 70کروڑ ہو گئی ہے۔ پنجاب اور مہاراشٹر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے پوری ریاست میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے لوگوں کوگھروں میں رہنے کا حکم دے دیا ہے، مرکز کی جانب سے پہلے ہی 30 ریاستوں اور یونین علاقے اور 75 اضلاع کا 14اپریل تک لاک ڈاؤن کیا جاچکا ہے ۔جبکہ مہاراشٹر میںممبئی ہائی کورٹ کے جسٹس بی پی دھرماادھیکاری کی بنچ نے 30اپریل تک لاک ڈائون کی ہدایت دی ہے۔ صدر ٹرمپ نے طبی ایمرجنسی کا اعلان کر تے ہوئے خود کو وار ٹائم کا صدر قرار دیدیا ہے ،فرانسیسی خاتون وزیر بھی کرونا کا شکار ہوگئی ہیں ،وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے آئندہ ہفتے سے ایک ماہ کیلئے لاک ڈائون کا اعلان کیا ہے جبکہ عمان میں اخبارات ،رسائل کی اشاعت بند کر دی گئی ہے ۔ نیویارک میں کرونا مریضوں کی تعداددنیا بھر کے کرونا متاثرین کی پانچ فیصد ہوگئی۔امریکا میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد چار سو اکیاون ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعداد 34 ہزار سات سو سترہ ہے ۔صدر ٹرمپ نے کیلی فورنیا کو انتہائی آفت زدہ قراردے دیا ہے۔چین میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 3270 ہے ۔امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا اب تک امریکا میں کرونا کے شبے میں دو لاکھ 54 ہزار افراد کا چیک اپ کیا گیا ہے ،امریکامیں کورونا وائرس ویکسین کی فروخت کا دعویٰ کرنے والی فراڈ ویب سائٹ بند کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مملکت میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے رات کا کرفیولگا دیا ،سعودی عرب میں رات سات بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو برقرار رہے گا،اسرائیل میں 20 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 18افراد صحت یاب ہوگئے ، کرونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 833 ہو گئی،متاثرین میں 19 فوجی بھی شامل ہیں۔غزہ میں حکام نے کرونا وائرس کے پہلے 2 کیسز کی تصدیق کردی۔دریں اثنا ڈبلیو ایچ او کے مطابق تقریبا 80 فیصد مریض بیرونی مدد کے بغیر صحت یاب ہوئے ہیں لیکن اس وائرس سے بیمار اور بوڑھے افراد کو زیادہ خطرہ ہے ۔دوسری جانب امریکا میں وفاقی حکومت نے ریاستوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لوگوں کو گھر میں رہنے کی ہدایت کریں اور اگر وہ ایسا کریں گے تو انہیں مالی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے گی۔ امریکا کی 50 ریاستوں میں 32 کروڑ اور پوری دنیا میں ایک ارب سے زائد لوگ اس وائرس کے خوف میں مبتلا ہیں ۔ چین میں گزشتہ روز صرف دس افراد میں نئے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔فرانسیسی وزیر صحت نے ایک ڈاکٹر کی کرونا وائرس سے موت کا بھی اعلان کیا ہے ۔مصری صدر عبد الفتاح السیسی نے کرونا کے بحران سے نمٹنے کے لئے تقریبا6 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ۔متحدہ عرب امارات میں مارکیٹ مکمل بندہے، فضائی سروس معطل ہے۔ گروسری ، سپر مارکیٹ اور فارمیسیوں کو دو ہفتوں کے لیے جانچ پڑتال کے بعد کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ بھارت کے سینٹر فار ڈیزیز ڈائینیمکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رامانن لکشمی ناراین نے خدشہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ملک میں کرونا وائرس سے 30 کروڑ افراد متاثر ہو سکتے ہیں ،ہمیں کرونا وائرس کی سونامی کے لیے تیار رہنا چاہیے ، پورے بھارت میں کل 70 ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان آئی سی یو بیڈز ہیں۔ بھارت میں بھی کورونا وائرس سے متعلق آگاہی پھیلانے کے انوکھے طریقے سامنے آ رہے ہیں، اب سوشل میڈیا پر بھارتی ریاست پنجاب کی پولیس کی جانب سے کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے ‘باری برس گانے پر ڈانس کی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی جس میں پولیس اہلکار ڈانس کے ساتھ لوگوں کو کرونا سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہی ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر میں سیزفائر کی اپیل کی ہے کہ تنازعات اور لڑائیوں کا شکار علاقوں میں موجود بے بس افراد کو کرونا وائرس سے بچایا جا سکے ۔اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا کے ہر کونے میں فوری طور پر سیز فائر کی ضرورت ہے ، اب وقت ہے کہ ہم مسلح تنازعات کو ایک طرف رکھ کر تباہ کن وائرس پر توجہ دیں۔یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ 21 ملین ڈالر سے زائد کی انسانی امداد ایران روانہ کر رہی ہے جبکہ اس نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایران کی بھرپور امداد کی جائے ۔ایتھوپیا نے اپنے بارڈرز بند کر دئیے ۔چین اور فرانس نے کرونا کے مسئلے پر جی20 کا ہنگامی اجلاس بلانے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔امریکہ میں کرونا کے پیش نظر 1.7 ٹریلین ڈالر کا امدادی پیکج سینٹ میں منظور نہ ہو سکا۔جنوبی افریقہ 21 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کریگا جبکہ فوج کو تعیناتی کی تیاری کا حکم دیدیا گیا ہے ۔روس کے 7 فوجی طیارے میڈیکل آلات اور دیگر طبی امداد لے کر اٹلی پہنچ گئے ۔ فرانسیسی صدر میکغوں نے کہا ہے آئندہ ماہ میں مسلمانوں ، مسیحیوں اور یہودیوں کے اہم ایام آ رہے ہیں لیکن کرونا کے پیش نظر تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اجتماعات کے بغیر یہ ایام منانا ہونگے ۔آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالیناجارجیووا نے کہا 2009 کی کسادبازاری کی نسبت کرونا وائرس عالمی معیشت کیلئے زیادہ تباہ کن ثابت ہو رہا ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے بے مثال اقدامات کرنا ہونگے ۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ کرونا کے پھیلاؤ میں واضح طور پر تیزی آئی ہے لیکن ہم اب بھی اسے روکنے کے قابل ہیں جس کیلئے سخت اقدامات کئے جانا چاہئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *