
اسلامی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کا دورہِ برطانیہ
اسلام آباد : پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف لندن میںمنعقدہ عالمی اسلامک فورم کے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے آج خطاب کریں گے۔عالمی اسلامک فورم کا یہ نواں اجلاس ہے اور اس کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کیوں کہ اسلامی ممالک کے رہنماؤں کا اس نوعیت کا یورپ میں یہ پہلا اجلاس ہو گا، جس میں برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون بھی شرکت کریں گے۔پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نواز شریف اجلاس میں شریک رہنماؤں کو اپنی حکومت کی اقتصادی ترجیحات بالخصوص معیشت کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ اس دورے میں اسلامی ممالک کے مابین اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب موقعوں سے بھی شرکا کو آگاہ کریں گے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس اجلاس کے موقع پر برطانیہ، پاکستان اور افغانستان کی قیادت کا سہ فریقی اجلاس بھی ہو گا۔
اقتصادی طور پر انتہائی کسم پرسی کا شکار پاکستان اپنی معیشت کو لے کر کافی فکر مند ہے۔گوکہ پاکستانی وزیر اعظم وزارت عظمی پر فائز ہونے سے پہلے لندن میں ہی مقیم رہا کرتے تھے لہذا شاید وہ اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ان سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کریں گے جن سے کبھی ماضی میں تعلقات رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ نواز شریف کا بڑا کاروبار برطانیہ میں بھی پھیلا ہوا ہے لہذا وہ برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو بھی اس بات پر آمادہ کریں گے کہ وہ دونوں ممالک کے مابین کثیر جہتی تجارتی تعلقات پروان چڑھائیں۔