یہ ایک معلوم حقیقت ہے کہ سفر کرنے پرخرچ بہت آتا ہے۔ لیکن اگر آپ امریکہ کے کچھ ایسے دلچسپ سیاحتی مقامات کا سفر کریں جہاں خوبصورتی، ثقافت اور مہم جوئی کے علاوہ کئی اور چیزیں ہوں ،اور یہ سفر سستا بھی ہو، تو آپ کے لئے یہ تجویز کیسی رہے گی؟گھبرائیں نہیں، کم بجٹ میں بھی آپ اہل خانہ کے ساتھ اِن مقامات کا سفر پُر لطف انداز میں کر سکتے ہیں۔ یہاں امریکہ کے پانچ ایسے شہروں کے بارے میں جانکاری دی جارہی ہے جہاں کا سفر آپ کی جیب پر بوجھ ڈالے بغیر آپ کو مسرور کردے گا۔
پام اسپرنگس، کیلی فورنیا
پام اسپرنگس جنوبی کیلی فورنیا کا ایک روشن نخلستان ہے۔ یہ ایک جیتا جاگتا صحرائی قصبہ ہے جسے ہالی ووڈ کے ۱۹۴۰ اور ۱۹۵۰ کی دہائی والے سنہرے دور میں شہرت ملی۔ لاس اینجلس سے محض دو گھنٹے کی مسافت پر واقع ہونے کی وجہ سے اسے فلمی ستاروں اور فلم شائقین کے درمیان جلد ہی مقبولیت حاصل ہوگئی اور یہ ان کی پسندیدہ گزرگاہ بن گیا۔ اب یہ شاندارفنی منظر، عالمی سطح کی گولفنگ، ٹینس اور ایک رواں دواں شاپنگ ضلعے کا مرکز بن گیا ہے۔ یہاں گھومنے پھرنے اور تفریح کرنے کے لئے آرٹ میوزیم، ریستوران، فلم تھیئٹراور کھیلوں سے متعلق بے شمار متبادل ہیں۔ پام اسپرنگس میں نصف صدی کے جدید تعمیراتی عجائبات مثلاً گھر اور ہوٹل بھی بکثرت پائے جاتے ہیں۔ کثرت سے سرگرمیوں کا جاری رہنا، آرام دہ رہائش اور کھانے کے شاندار سستے مقامات اس علاقے کی اہم خصوصیات میں شمار ہوتے ہیں۔
یہاں کیا کریں ؟
آپ یہاں کی سیاحت کے لئے نکلیں اور وہاں جائیں جہاں ہالی ووڈ کی قدآور شخصیات کثرت سے جایا کرتی تھیں۔ آپ یہ سفر پام کینون ڈرائیو پر واقع پام اسپرنگس واک آف اسٹارس سے شروع کریں۔ پھریہاں بکثرت واقع ان ہوٹلوں میں ( مفت میں ) گھومیں پھریں جہاں دی ریٹ پیک، کلارک گیبل، دینہ شور، مرلون برانڈو، الزیبتھ ٹیلر اور اِلوِس پرسلے جیسی ہستیاں اکثر جایا کرتی تھیں۔ سفر شروع کرنے کے لئے اچھے مقامات دی انگلیسائڈ ان اور مووی کالونی ہوٹل ہیں۔
جائے قیام :
اگر آپ کے پاس فلمی ستاروں جیسا بجٹ نہیں ہے تو اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ کسی پُرتعیش ہوٹل میں قیام نہیں کرسکتے ۔ آپ دی کرو پام اسپرنگس آزما کر دیکھیں۔ یہ ایک ایسا ہوٹل ہے جہاں ملبوسات اور دیگر اشیا فروخت کی جاتی ہیں اور یہاں ایک رات قیام کرنے پر ۵۹ ڈالر کا خرچ آتا ہے۔ کرو ہوٹل کے دو بیرونی تالاب ہیں، آسائش کی تمام اشیا موجود ہیں اور یہ اس دلچسپ ریگستانی شہر کے قلب میں دائیں جانب واقع ہے۔
جائے طعام:
کیلی فورنیا کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں مانا جائے گا جب تک کہ آپ میکسیکو کے کچھ مستند اور لذیذ کھانے کا ذائقہ نہ چکھ لیں اور اس کے لئے سب سے بہتر جگہ لاس کیسولاس تیرازا ہے۔ ایوارڈ یافتہ میکسیکو کھانے سے محظوظ ہونے کے لئے یہ ایک شاندار جگہ ہے۔ یہاں لائیو بینڈ اور راک ڈانس سے رات مزید دلچسپ ہو جاتی ہے۔ یہاں عام طور پر تقریباً ۱۳ ڈالر کا خرچ آتا ہے۔ بلاشبہ آپ کے لئے یہ ایک اچھا تجربہ ہوگا۔
اشولے، شمالی کیرولینا
اشولے مصوروں پرمبنی کمیونٹی ہے جو شمالی کیرولینا کے اپالاچین ماؤنٹینس میں واقع ہے۔ یہ اپنی صحت مند طرز زندگی اور تخلیقی اور تجربات سے علاج کرنے والی مقامی آبادی کے لئے معروف ہے۔ یہ شہر مصوری میں مہارت، تیزاور جاذب نظری کے لئے جانا جاتا ہے۔بالفرض آپ یہاں کے تعمیراتی اور تاریخی مناظر کا مشاہدہ کریں تو جان جائیں گے کہ ایسا کیوں ہے۔ یہاں ۳۰سے زائد آرٹ گیلریاں ہیں اور یہاں کی عمارتیں آرٹ ڈیکو، بیوکس آرٹس اور جدید کلاسیکی طرزکا حسین امتزاج ہیں۔ یہاں کیا کریں ؟
ایک پرجوش اور لاگت کے اعتبار سے سودمند تجربے کی خاطر آپ اندرون شہر کا چکر لگائیں۔ آرٹ گیلریوں کا رخ کریں، پارک میں بہت زیادہ ہورہے مفت میں یوگا کی کسی کلاس میں حصہ لیں اور پھر کچھ لائیو موسیقی سننے کا مزہ لیں۔انتہائی کم خرچ میں آپ وہاں بہت ساری چیزوں سے محظوظ ہوں گے ۔
جائے قیام:
اشولے جیسے چھوٹے سے قصبے میں ٹھہرنے کی بہترین جگہ کارولینا بیڈ اینڈ بریک فاسٹ نامی ہوٹل ہے جہاں کم اور معتدل قیمت پر رہنے اور کھانے کا بندوبست ہے۔یہ جنوبی حصے کی ایک شاندار چھوٹی سی جگہ ہے جو اشولے سے نصف میل کی دوری پر واقع ہے۔ اسے ۱۹۰۱میں آباد کیا گیا ۔
جائے طعام:
اشولے میں ایک مقبول ترین ہوٹل تپیلو ہنی ہے جہاں متنوع اقسام کے لذیذ کھانے ملتے ہیں۔یہاں نہ صرف جنوب کی مخصوص ڈشیں مثلاً تلے ہوئے گرین اور فرائی کئے ہوئے گرین ٹماٹرکی ڈشیں دستیاب ہیں، بلکہ سبزی، منہ میں چپکنے والی اشیا کے بغیر اور سویابین کی آمیزش کے بغیر بنائے گئے کھانے بھی دستیاب ہیں۔ صحت مند زندگی اتنی پُر لطف کبھی معلوم نہیں ہوئی۔
اشلینڈ، اوریگون
ا شلینڈایک پرسکون شمال مغربی علاقہ ہے۔ یہ ایک پہاڑی قصبہ ہے جو دریاؤں اور گھنے جنگلات سے گھرا ہوا ہے۔ یہ امریکہ کے سب سے بڑے شیکسپیئر فیسٹول میں سے ایک کا مرکز بھی ہے۔ اگر آپ رومیو اور جولیٹ ہیں یا پھر آپ کو محض خوبصورت مناظر، پہاڑوں سے آنے والی صاف ستھری ہوا اور اچھے کھانے پسند ہیں تو ایسی صورت میں اشلینڈ آپ کے لئے ہی ہے۔
یہاں کیا کریں ؟
بلاشبہ آپ شیکسپیئر فیسٹول میں شرکت کریں۔ اوریگون شیکسپیئر فیسٹول کی بنیاد ۱۹۳۵ میں ڈالی گئی تھی ۔اور اس کا شمار امریکہ کے سب سے بڑے فیسٹولوں میں ہوتا ہے۔ سال بھر میں تین اسٹیج ڈراموں اور تقریباً ایک درجن پیشکش کے ساتھ فیسٹول کے ٹکٹ کی قیمت محض ۲۵ڈالر ہے۔ لہذا اگر آپ ایک خوبصورت پہاڑی والے ماحول میں ذرا اولڈ انگلینڈ تھیٹر کلچر کامزہ لینا چاہیں ،تو یہ جگہ بس آپ کے لئے ہے۔
جائے قیام :
اگر آپ اتنی زیادہ مسافت طے کر کے شیکسپیئر فیسٹول دیکھنے کی غرض سے آئے ہیں تو کیا بارڈس اِن سے زیادہ بہتر قیام کرنے کی کوئی اور جگہ ہوسکتی ہے؟ یہ بیسٹ ویسٹرن کے چھوٹے ہوٹلوں کے سلسلے کا حصہ ہے۔اس شاندار ہوٹل میں بہت زیادہ سہولیات ہیں اور یہ اشلینڈ اور شیکسپیئر تھیٹردونوں ہی کے قریب واقع ہے۔ ایک شب کے لئے تقریباً ۱۱۰ڈالر میں کمرے دستیاب ہیں۔ یہ ایک عمدہ سودا ہے۔
جائے طعام:
یہاں ناشتے کے کئی اچھے ہوٹل ہیں جن میں سے بعض اپنی کم قیمت کے لئے بھی معروف ہیں۔
ساوننا ،جارجیا
ساوننا ایک روایتی جنوبی قصبہ ہے جس کی اپنی تاریخ اور ثقافت ہے۔ یہاں دیکھنے کے لئے متعدد میوزیم اور مربع میں پھیلے قصبے ہیں۔ عام طور پر ’’ دی ہاسٹس سٹی آف دی ساؤتھ ‘‘ کے نام سے معروف اس خوبصورت شہر میں دیکھنے اورگھومنے کی بہت ساری چیزیں ہیں۔تو خود کوطویل چہل قدمی کے لئے آمادہ کرلیں۔
یہاں کیا کریں ؟
بوناوینچر سیمیٹری تاریخ ضلعے کے مرکز میں واقع ہے۔ یہ ایک ایسا تجربہ ہے جس سے محروم نہیں رہا جاسکتا ۔ یہ ۱۵۰ برسوں سے زائد سے عوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ سیاحوں نے اس شہر خموشاں کو پراسرار اور خوبصورت قرار دیا ہے اور کتاب اور فلم ’’ مڈ نائٹ ان دی گارڈن آف گڈ اینڈ ایول‘‘ میں اسے پیش کیا گیا ہے۔ باخبر سیاح اس شہر خموشاں کا رسمی سفر ترک کرنا چاہیں گے اور ایک نقشے پر اکتفاکریں گے تاکہ وہ ان کے لئے راہنمائے سفر ( مفت کا) ثابت ہو۔
جائے قیام :
اس جیسی کسی تاریخی جگہ کی سیر کرنے کے لئے صرف ایک ایسے ہوٹل میں قیام کرنا مناسب ہوگا جس میں اس قدیم فیشن جیسی کشش ہو۔ایلس اسکوائر میں وہ ہوٹل اِن ہے جو 1851 سے تاریخی ضلع میں ایک شہرت یافتہ عمارت میں واقع ہے اور ساوننا سٹی مارکیٹ اور شہر کے دوسرے کئی مناظر سے قریب ہے۔ وہاں قیام کے بعد آپ کو یہ بات مسحور کردیگی کہ خرچ کے باوجودآپ کی جیب میں کتنے زیادہ پیسے بچے ہیں۔
جائے طعام :
اگر آپ جنوب میں ہیں تو آپ کو کچھ جنوبی کھاناتو کھانا ہوگا۔ اوراس تعلق سے یہاں جوجگہ مشہور ہے وہ جیب دوست سویٹ پوٹیٹوز کچن ہے۔سویٹ پوٹیٹوز کے علاوہ کہ جس پرہٹ دھرم قسم کے مداح دیوانے ہوجاتے ہیں، سویٹ پوٹیٹوز کچن میں کیلے کی پُڈنگ، چاکلیٹ چِپ اور امریکی اخروٹ کے سموسے وغیرہ ملتے ہیں۔یہ پڑھ کر آپ کے منھ میں پانی بھر آیا ہوگانا؟ ہمارا حال بھی کچھ ایسا ہی ہے۔
ایڈیرونڈیک نیویارک
ایڈیرونڈیک شمالی نیویارک میں جھیل والا ایک خطہ ہے جہاں لوگ بیرونی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ یہاں امریکہ کی کچھ خوبصورت ترین کیمپنگ( بیرونی تفریحی سرگرمی) ، ہائکنگ(لمبا پیدل سفر کرنا) اور مہم جوئی کی جگہیں ہیں۔ دلکش گاؤں سے آبادچھ ملین ایکڑ پر مشتمل یہ ایک مہذب بیابان ہے جو گرانڈ کنیون اور یوسمائٹ سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔ یہاں سیر وتفریح کے لئے سب سے اچھا وقت، بالخصوص آپ کی جیب کے حساب سے، گرمی کا موسم ہے۔ اس موسم میں یہاں ہائکنگ، بائکنگ، کشتی رانی اور کیمپنگ وغیرہ کثرت سے ہوتی ہے۔
یہاں کیا کریں ؟
یہاں دیکھنے اور دریافت کرنے کے لئے کئی مختلف خطے ہیں اور سال کے ہرموسم میں یہاں مختلف قسم کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ ان کی سب سے اچھی خصوصیت یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر مفت ہوتی ہیں۔ جب آپ اس جیسے کسی خوبصورت مقام پر قیام کریں تو زیادہ سے زیادہ پیدل چل کر یہاں کی تمام چیزوں کا نظارہ کریں۔پیدل چل کر ساری چیزوں کا نظارہ کرنا مناسب چیز ہے۔ بہار اور گرمی کے موسم میں ایڈیرونڈیک، دل افروز ہائکنگ کی پیشکش کرتا ہے جس کی قیمت نہیں کے برابر ہوتی ہے۔ اور جب ایسا موقع دستیاب ہے تو پھر کیوں نہ آپ اولڈ فورگ نامی چھوٹے قصبے کے شمال سے شروعات کریں اور ایک ایسے خوبصورت راستے میں عارضی طور پر قیام کریں جو کہ آپ کو نہ صرف ایک بلکہ تین دل افروز جھیلوں تک لے جاتا ہے؟۱۰ کلومیٹر کی مسافت طے کر کے آپ بب لیک، سِس لیک اور مَوس لیک پہنچ جائیں گے۔ یہاں پکنک منائیے اور دن بھر لطف اندوز ہوئیے!
جائے قیام :
ٹھہرنے کے لئے یہاں ایک اچھی جگہ اولڈ فورگ کیمپنگ ریزورٹ ہے جو کہ ہرکمر کاؤنٹی میں واقع ہے۔سیرو تفریح اور رہائش کے اس علاقہ میں ۱۳۰ ایکڑاراضی پر ۴۰۰سے زائد کیمپنگ کی جگہیں ہیں اور ایک نجی جھیل بھی ہے۔ کیمپ گراؤنڈ متعدد مقامی فیملی فن سینٹرز اور بہت ساری بیرونی سرگرمیوں کے قریب ہے۔یہاں آپ شب گزاری کے لئے ۴۹ ڈالر میں ایک کمرہ لے سکتے ہیں۔ویسے فی شب ۱۵ ڈالر میں ایک کیمپ سائٹ بھی کرایہ پر لیا جا سکتا ہے۔
جائے طعام:
جب آپ پہاڑوں پر ہوں اور وہاں چہل قدمی کررہے ہوں، تیراکی کررہے ہوں اور چیزوں کی دریافت کررہے ہوں تو ایسی صورت میں بھوک کا لگنا فطری ہے۔ لیکن اس چیز سے گھبرانے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایڈیرونڈیک میں ایک معروف اور مستند ہوٹل مسٹر پی ایس ماؤنٹین اسموک ہاؤس ہے۔اسکرون لیک میں واقع اس ہوٹل میں آپ گوشت، مچھلی،چِلی اور پھل وغیرہ سے محظوظ ہو سکتے ہیں ۔ یہ مقامی لوگوں کے نزدیک ایک پسندیدہ جگہ ہے اور یہاں قیمت بھی مناسب ہے!