راشٹر پتی بھون میں نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تیاریاں مکمل

تقریب حلف برداری میں پاکستان،سری لنکا سمیت پوری دنیا سےمہمان دہلی پہنچ گئے

Oath at Rashtrapati bhawan

نئی دہلی:ہندوستان کے نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے کے لئے پاکستانی ہم منصب میاںنواز شریف ، سارک ممالک کے اہم سربراہ سمیت پوری دنیا سے چنندہ مہمانان دہلی پہنچ چکے ہیں۔تقریب حلف برداری کا آغاز ٹھیک چھ بجے شام ہوجائے گا۔پاکستان نے اس تقریب کو اہم قرار دیتے ہوئے جہاں ہندوستان کے 151قیدیوں کو رہا کرکے خیر سگالی کا پیغام دیا ہے وہیں سری لنکا کے صدر راج پکشے نے بھی اس موقعے سے سری لنکا کی جیلوں میں قید تمام ہندوستانی ماہی گیروں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔جبکہ بی جے پی نے آزادی کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے سربراہ مملکت کو تقریب میں شرکت کی دعوت دے کر تاریخ رقم کی ہے۔
مہمانوں کی آمد کے ساتھ ہی دہلی میں سخت حفاظتی انتظامات کردئے گئے ہیں اور تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تھوڑی دیر بعد ہی راشٹر پتی بھون کی طرف جانے والی شاہراہوں کو بھی بند کردیا جائے گاتاکہ کسی طرح کی کوئی بد نظمی نہ ہو ۔
واضح رہے کہ آج صبح نریندر مودی نے راج گھاٹ جاکر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے اور تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کا عندیہ دیا ہے۔تعمیر و ترقی کے نام پر کامیابی حاصل کرنے والی این ڈی اے اس بات کا لحاظ رکھے ہوئے ہے کہ لوگوں کے درمیان کوئی بے اطمینانی نہ پیدا ہو۔اسی دوران میڈیا میں یہ رپورٹیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ مودی کی کابینہ میں سشما سوراج،راج ناتھ سنگھ،ارون جیٹلی وغیرہ کو شامل کیا جائے گا اور آج کی حلف برداری میں انہیں بھی راز داری کا حلف دلایا جائے گا۔حالانکہ ابھی تک پارٹی نے اپنے پتے نہیں کھولے ہیں لیکن قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *