ممبئی (یو این بی): ممبئی پولس کی سوشل سروس برانچ نے اندھیری علاقہ کے ایک فلیٹ میں چھاپہ ماری کے دوران سیکس ریکٹ کا انکشاف کیا ہے۔ چھاپہ ماری کے دوران ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا جس کا نام وکیل راجو شاہ ہے۔ اس کے علاوہ دو خواتین کو جسم فروشی کے دلدل سے نکال کر شیلٹر ہائوس بھیج دیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق جس فلیٹ پر پولس نے چھاپہ ماری کی وہ ممبئی کے سابق پولس کمشنر اور باغپت سے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ ستپال سنگھ کا ہے۔ ستپال سنگھ اس خبر سے مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ جس سوسائٹی میں چھاپہ ماری کی گئی ہے اس میں کئی سینئر پولس افسران کے فلیٹ موجود ہیں۔ فلیٹ سے جس وکیل راجو شاہ نام کے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے وہ فلیٹ کا کیئر ٹیکر ہے۔
سیکس ریکٹ سے متعلق انکشافات کے بعد ستپال سنگھ نے بتایا کہ انھوں نے اپنا فلیٹ ’انڈیا بلس‘ کو کرائے پر دے دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ کمپنی پر کیس کریں گے کہ کیونکہ انھیں اس کی بالکل بھی خبر نہیں تھی کہ یہاں سیکس ریکٹ کا کاروبار چل رہا ہے۔ ستپال سنگھ نے بتایا کہ میں طویل مدت سے فلیٹ میں نہیں گیا ہوں۔ میں نے تقریباً چار سال قبل انڈیا بُلس کو یہ فلیٹ کرایہ پر دیا تھا اور یہ کانٹریکٹ ستمبر میں ختم ہونے والا ہے۔ مسٹر سنگھ نے مزید کہا کہ میں کمپنی کا کانٹریکٹ ختم کرنے پر غور کر رہا ہوں، اس کے علاوہ کانٹریکٹ کی شرطوں کی خلاف ورزی کے لیے کمپنی کے خلاف کیس بھی کروں گا۔ دوسری طرف انڈیا بُلس کے ترجمان نے کہا کہ ملزم شاہ گیسٹ ہائوس کا کیئر ٹیکر ہے اور ہمیں اس کی حرکتوں کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں تھی۔ کمپنی نے اسے فوری اثر سے ملازمت سے سبکدوش بھی کر دیا ہے۔
اچانک چھاپہ ماری سے متعلق ممبئی پولس کے ترجمان اور پولس ڈپٹی کمشنر مہیش پاٹل نے بتایا کہ فلیٹ میں جسم فروشی کے دھندے کی شکایت ملی تھی جس کے بعد چھاپہ ماری کا فیصلہ لیا گیا۔ سوشل سروس برانچ نے آگے کی تفتیش کے لیے کیس کو ورسووا پولس کے سپرد کر دیا ہے۔ ایک افسر نے سیکس ریکٹ چلائے جانے والے فلیٹ کے بارے میں بتایا کہ محکمہ اسے اپنے قبضے میں لے کر ’سیل‘ کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے جب کسی افسر کا فلیٹ غیر قانونی کام کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ حال ہی میں ایک اسسٹنٹ پولس کمشنر کو اسی طرح کے معاملے میں معطل کر دیا گیا تھا۔ ان کے خلاف جانچ بھی چل رہی ہے۔ اسسٹنٹ پولس کمشنر کو اس بات کی سزا ملی تھی کہ اس کے ہوٹل میں سیکس ریکٹ چل رہا تھا۔
بی جے پی ممبر پارلیمنٹ ستپال سنگھ اور سابق ممبئی پولس کمشنر کے گھر پر جسم فروشی کا معاملے کا انکشاف ضرور ہوا ہے لیکن اس معاملے میں ممبئی کے جوائنٹ کمشنر (کرائم) سدانند داتے نے کہا کہ ہمیں کوئی پختہ ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ پتہ چلے کہ جسم فروشی میں فلیٹ کے مالک کا کوئی کردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ گرفتار شاہ کے خلاف کیس درج کر کے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے اسے دو دنوں کے پولس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ دونوں خواتین کو شیلٹر ہائوس بھیج دیا گیا ہے۔