وزیراعظم نریندر مودی نے کمزور مانسون سے نمٹنے کی تیاری کی

نئی دہلی : (یو این بی ) محکمۂ موسمیات کے مطابق ہندوستان میں اس بار مانسون پہلے کے مقابلے میں کمزور رہ سکتا ہے۔ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیراعظم نرنیدر مودی نے کمزور مانسون سے نمٹنے کے لئے تیاری شروع کر دی ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے دہلی میں7 ریس کورس پر اپنی رہائش گاہ پر اہم وزیروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور کمزور مانسون سے نمٹنے کا پلان تیار کیا گیا۔ اس میٹنگ میںوزیر زراعت رادھا موہن سنگھ ، وزیر دیہی ترقیات ، وزیر آبی وسائل اور دیگر اہم وزیروں نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران 500 اضلاع کے لئے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر غورکیا گیا ۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ جلد ہی مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کسانوں کو مضبوط بنانے، پیدا وار بڑھانے اوردیہی ترقیات کو لیکر مثبت تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کسانوں پر دبائو کم ہو اور اور دیہی ترقیات میں اضافہ ہو۔ وزیر اعظم نے میٹنگ میں موجود چاروں وزارتوں ، دیہی ترقیاتی محکمہ کے سکریٹریوں سے کہا کہ محکمہ ٔ موسمیات نے مانسون کمزور رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے لیکن حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئے جس سے کسانوں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کمزور مانسون کی وجہ سے گاؤں میں عام زندگی متاثر نہیں ہونی چاہئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مہنگائی ،پھلوں اورسبزیوں کے دام روکنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔ اس میٹنگ کے دوران مہنگائی سے نجات پانے کے لئے سبھی وزیروں نے اپنے نظریا ت اور خیالات پیش کئے۔ ذرائع کے مطابق وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے ایک پرزینٹیشن بھی پیش کیا اور انہوں نے کمزور مانسون کی پیش قیاسی کے مد نظر کسانوں کو راحت دینے کے سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *