
وظیفہ نہ ملنے سے اقلیتی طلبا ناراض
دیوبند : (یو این بی): اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ وطالبات نے تعلیمی سال ختم ہونے کے باوجود وظیفہ نہ ملنے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔طلبہ وطالبات نے ریاست کے وزیر اعلی کو فیکس بھیج کر وظیفہ دلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق دیوبند کے متصل گائوں نونا بڑی کے اقلیتی طبقہ کے طلبہ وطالبات کی میٹنگ میں گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی زیادہ طرح بچوں کو وظیفہ نہ ملنے پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا ۔اس موقع پر ندیم ،شاہدہ ،رخسار،شبنم ،رقیہ ،شاہنما ،وسیم ،نازش ،نوید وغیرہ کا کہنا تھا کہ اس سال کا تعلیمی سال بھی پورا ہوچکا ہے۔اس کے باوجود محکمہ فلاح وبہبود کے ذریعہ وظیفہ ابھی تک بینکوں کو نہیں بھیجا گیا ہے انہوںنے کہا کہ وظیفہ نہ ملنے سے ان کے سامنے اپنی تعلیم پوری کرنے کی پریشانی کھڑی ہوگئی ہے۔مذکورہ طلبہ وطالبات وزیر اعلی اکھیلش یادو کو فیکس بھیج کر جلد از جلد وظیفہ دلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔میٹنگ میں عبدالرحمن ،آصف ،معین الدین،موبین،اطہر ،جلال وغیرہ موجودتھے۔