عراق میں 40 ہندوستانیوں کا اغوا، متعدد افراد لاپتہ

سرکار نے عراق میں ہندوستانی شہریوں کے تحفظ اور ان کی بحفاظت واپسی کے لئے کئے اقدامات

نئی دہلی: (یو این بی)وزرات کارجہ نے عراق میں 40 ہندوستانی شہریوں کے اغوا کئے جانے کی تصدیق کر دی ہے جب کہ کئی لوگ لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ نیز وہاں سو ہندوستانی شہریوں کے پھنسے ہونے کی جانکاری بھی دی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لاپتہ لوگ وہاں ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کرتے تھے جو عراق کے شہر موصل میں قائم تھی۔بعض اطلاعات کے مطابق وہاں 120 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ جن کی تلاش جاری ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اْنھیں عراق میں پھنسے افراد کے اہل خانہ کی طرف سے ساٹھ سے زائد ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں۔ اْنھوں نے کہا کہ ان افراد کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اس سے قبل یہ کہا گیا تھا کہ عراقی شہر موصل میں تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے اْس کے 40 شہریوں سے اْس کا رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا کہ درجنوں ہندوستانی شہر اْن علاقوں میں مقیم تھے جن پر شدت پسندوں نے قبضہ کیا۔ترجمان کے مطابق ہندوستان اپنے کئی شہریوں سے رابطے میں ہے جن میں 46 نرسیں بھی شامل ہیں جب کہ عراق میں موجود اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے حکومت نے ایک سینیئر عہدیدار سریش ریڈی کو بھی بغداد بھیجا ہے۔ واضح رہے کہ سریش ریڈی پہلے عراق میں سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کو وہاں کے بارے میں کافی معلومات ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عراق میں ہندوستانیوں کی بحفاظت بازیابی کے لئے ریڈ کراس اور اس جیسے دیگر اداروں سے مستقل رابطہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے وزارت کارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ حکومت ہر گھنٹے کے لحاظ سے حالات پر نظر بنائے ہوئے ہے اور اس پر نگرانی رکھ رہی ہے۔ اس تعلق سے ہندوستانی حکومت برابر عراق حکومت کے رابطے میں ہے۔
حکومت نے صورتحال کی جانکاری کے لئے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کئے ہیں۔ ہیلپ لائن نمبر ہیں 011-23012113، 203017905 اور 23014104۔ اس کا ای میل ایڈریس ’ کنٹرول روم ایٹ ایم ای اے۔ جی او وی۔ ان (controlroom@mea.gov.in)ہے۔ بغداد میں ہندوستانی سفارت خانے نے پہلے ہی 24 گھنٹے کی ہیلپ لائن شروع کی ہے جس سے وہاں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کوفوری مدد فراہم کی جا سکے۔ فی الحال عراق میں تقریبا ایک ہزار ہندوستانی رہ رہے ہیں۔
وزارت خارجہ کے سکریٹری (سابق) انل وادھوا نے آج عراقی سفیر احمد تحسین احمد سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے شورش زدہ عراقی علاقوں میں ہندوستانی شہریوں کی مدد کرنے کے لئے زمینی سطح پر مدد بہم پہنچانے کے امکانات پر بات چیت کی۔
اطلاعات کے مطابق تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے ہندوستانی شہری مبینہ طور پر دولت الاسلامیہ فی عراق ولشام ا’آئی ایس آئی ایل‘ کے جنگجوؤں کے قبضے میں ہیں۔موجودہ صورت حال کے تناطر میں ہندوستان نے اپنے شہریوں کو عراق کا سفر نا کرنے کی ہدایت کی ہے۔عراق میں شدت پسند تنظیم ’آئی ایس آئی ایل‘ کے جنگجوؤں نے ملک کے کئی شمالی شہروں پر قبضہ کر رکھا ہے جب کہ اْن کی دارالحکومت بغداد کی جانب پیش قدمی بھی جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *