ہم آج بھی وحدت اسلامی کے طریقہ پر عمل پیرا ہیں: محمد حسن زمانی

نئی دہلی: (یو این بی): وحدت اسلام کا تعلق نعرہ بازی سے نہیں دل سے ہے۔ انقلاب ایران کے وقت وحدت اسلامی کا جو نعرہ ایران میں دیا گیا تھا، آج بھی وہ عزم کمزور نہیں ہوا ہے۔ ہم اسی راہ پر گامزن اور اسی طریقہ پر عمل پیرا ہیں۔ ان عزائم و احساسات اور خدمات کا اظہار مرکز جماعت اسلامی ہند میں آئے ہوئے وفد کی طرف سے گفتگو کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین محمد حسن زمانی ،شعبہ بین الاقوامی مدارس دین ایران نے کیا۔ وفد میں حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی محمد باقر تحریری استاذ حوز ہ طلبہ ایران، حجۃ الاسلام والمسلمین جناب آقائی محمد اسمعیل شفقی پوراستاذ و منیجر مطالعات و کوارڈنیشن ایران ، حجۃ الاسلام والمسلمین جناب آقائی علی مصباح منیجنگ ایڈیٹر علی شاہ معرفت فلسفی و دیدار آشنا ایران، حجۃ الاسلام والمسلمین جناب آقائی محمد حاجی حسینی منیجنگ ایڈیٹر ماہنامہ مبلغان اور حجۃ الاسلام والمسلمین جناب آقائی سید عبدالفتاح نواب منیجر شہید کالج ایران شامل تھے۔

hasan zamani jalaluddin umri

ایران کے اہل علم و دانش کا یہ وفد اسلامی تعلیمات کی تبلیغ اور دین کی ترویج میں جماعت اسلامی ہند کے غیر معمولی کردار کے اعتراف کے طور پر مرکز آیا۔ جماعت کی طرف سے امیر جماعت اسلامی مولانا سید جلال الدین عمری ، قیم جماعت جناب نصرت علی، مولانامحمد رفیق قاسمی ، جناب محمد احمد ، جناب اشفاق احمد ،جناب اعجاز احمد اسلم ایڈیٹر ریڈینس ویلی ،جناب پروفیسر حسن رضا صاحب وغیرہ نے گفتگو میں حصہ لیا اور ایک دوسرے کے علمی تجربات، تحقیقات ، تصنیفات و کارناموں کے تبادلے اور عالمی سطح پر مسلمانوں کے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گفتگو خوشگوار ماحول میں ہوئی اور آئندہ علمی مباحث جاری رکھنے اور اسلام کی عظمت اور وحدت اسلامی کے حصول کے لئے کام کرنے پر زور دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *