
اقلیتوں کے اکثریتی آبادی والے علاقوں میں گورنمنٹ انٹر کالج

دیوبند : (یو این بی): ملٹی سیکٹوریل ڈولپمینٹ پروگرام کے تحت اب سہارنپور ضلع میں اقلیتوں کے اکثریتی آبادی والے علاقوں میں گورنمنٹ انٹر کالج کھولے جائیں گے انٹر کالجوں کے قیام کیلئے ضلع کی تحصیلوں کے آٹھ مسلم اکثریتی علاقوں میں آراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ایک کالج کے قیام کے لئے ایک ایکڑ آراضی اور تقریباً تین کروڑ روپے کے بجٹ کی تجویز ہے ۔ان انٹر کالجوں کے قیام کا مقصد اقلیتی خاندانوں کے بچوں کو قریب سے قریب ترعلاقوں میں بہتر اور آسان طریقہ سے تعلیم دینا ہے ۔اقلیتی محکمہ کی جانب سے گورنمنٹ انٹر کالجوں کے قیام کے لئے نشاندہی کی جانے والی جگہوں کی فہرست اب انتظامیہ کو بھیجی جانی ہے۔اس پر انتظامیہ کی مہر ثبت ہوتے ہی بجٹ جاری ہوجائے گا۔مذکورہ انٹر کالجوں کے قیام کے لئے آراضی کی نشاندہی ان ہی علاقوں میں کی گئی ہے جہاں اقلیتوں کی آبادی کا تناسب 50فیصد سے زیادہ ہے ۔اقلیتی محکمہ کی افسرا نجنا سروہی نے بتایا کہ جیسے ہی نشاندہی کی جانیوالی جگہوں کو منظوری مل جائے گی اسکے فوراً بعد گورنمنٹ انٹر کالجوں کی بلڈنگ تعمیر کرنے کے لئے بجٹ جاری کردیا جائے گا دیوبند تحصیل میں بنہیڑہ خاص اور سانپلہ بقال مقامات کو آبادی کے تناسب سے منتخب کیا گیا ہے اسکے علاوہ نکڑ تحصیل کے تحت جھاڑون اور دمجھیڑا ،بہٹ تحصیل کے تحت جہان پور اور جبیب پور نیز صد ر تحصیل کے تحت کیلاش پور اور شیخ پورہ قدیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔