
ریل کرایہ میں اضافہ کے خلاف کانگریس کارکنان برہم، مودی کا پتلا نذر آتش
دیوبند : (یو این بی): مرکزی حکومت کی جانب سے ریل کرایہ اور مال بھاڑے کے کرایہ میں اضافہ کے اعلان کے بعد ہندوستان کی عوام میں مایوسی کے ساتھ ساتھ شدید غم غصہ ہے ۔آ ج دیوبند میں کانگریس کارکنان نے مرکزی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے شہر صدر راحت خلیل اور پارٹی ترجمان تنظیم صدیقی کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کا پتلا نظر آتش کیا ۔اس موقع پر شہر صدر کانگریس نے کہا کہ بھاجپا حکومت نے ریل مسافرین کے کرایہ میں اضافہ کرکے عوام کے ساتھ فریب دہی کی ہے۔کیونکہ عام انتخابات سے قبل بی جے پی نے پر سر اقتدار آنے پر منہگائی کو کم کرنے کے جو وعدہ عوام سے کئے تھے اب مرکزی حکومت اس کے بر عکس کام کررہی ہے۔انہوںنے کہا کہ جھوٹ اور فریب کاری کی سیاست کرنے والوں کو عوام کے غم وغصہ سے دوچار ہونا پڑے گا۔انہوںنے کہا کہ اچھے دنوں کا نعرہ دینے والے عوام کے لئے دھوکہ باز ثابت ہورہے ہیں ۔کانگریس پارٹی کے ضلع ترجمان تنظیم صدیقی نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے عوام کے ساتھ دغا بازی کی ہے۔الیکشن سے پہلے پارٹی نے مہنگائی اور غربت کے خاتمہ کے جو وعدہ کئے تھے زما م اقتدار ہاتھوں میں آتے ہی پارٹی ان سب وعدوں کو فراموش کرچکی ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام اب خود فیصلہ کرلیں کہ نریندر مودی کے بیانات ،وعدہ کرنے اور عملی اقدامات کرنے میں زمین اور آسمان کا فرق ہے یا نہیں ؟ کیونکہ مرکزی سرکار نے ریل مسافرین کا کرایہ بڑھا کر اور مال بھاڑے میں اضافہ کا اعلان کرکے مہنگائی کو بڑھانے کا کام کیا ہے ۔جو قابل مذمت ہے اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر مظاہر حسن اور میونسپل ممبر فیضان قریشی نے مرکزی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائم ہوتے ہی بی جے پی نے عوام کی جیبیں کاٹنے کا کام شروع کردیا ہے۔جس کی وجہ سے عوام میں شدید ناراضگی ہے۔انہوںنے کہا حکومت کا یہ عوام مخالف رویہ کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔حکومت کے ریل مسافرین کے استحصال کرنے والے اس اقدام پر اپنے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سیٹ کلدیپ اور شمشاد جنگ نے کہا کہ مرکزی حکومت عوام کا استحصال کرنے والی پالیسیاں چندہی دنوں میں منظر عام پر آگئی ہیں۔اس موقع پر وریام خاں،سلمان قریشی،افضال صدیقی،حافْظ سلیم ،نروتم داس،اجے تیاگی ،سعید انصاری ،افضال قریشی ،سعید الزماں ،ریحان قریشی ،نانو پہلوان ،حکیم مشرف،عظیم انصاری ،رام کشن سینی،منگلو کشیپ،حافظ شاہد،انعام قریشی ،لئیق انصاری اور جنید صدیقی موجود رہے۔