پٹنہ: (یو این بی): بہار کے تقریباً 3.37 لاکھ تربیت یافتہ اساتذہ کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ ان کی تنخواہ میں اضافہ یقینی تصور کیا جا رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت اس معاملے پر سنجیدہ ہے۔ ایسی امیدیں ظاہر کی جا رہی ہیں کہ 15 اگست کو وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی اس کا اعلا ن کر سکتے ہیں۔ فی الحال تربیت یافتہ اور غیر تربیت یافتہ اساتذہ کو 9 ہزار سے لے کر 12 ہزار روپے تک دیے جا رہے ہیں۔
وزیر تعلیم ورشن پٹیل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے آج کہا کہ مہنگائی کو دیکھتے ہوئے تربیت یافتہ اساتذہ کی تنخواہ میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ ورشن پٹیل نے کہا کہ تنخواہ میں اضافہ ممکن ہے کیونکہ ریاستی حکومت بھی اس کے لیے سنجیدہ ہے۔ محکمہ تعلیم نے اس کے لیے تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ وزیر تعلیم نے یہ باتیں آج بہار بورڈ کے سیشن کے بعد اپنے محکمہ جاتی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کہیں۔ میٹنگ میں تربیت یافتہ اساتذہ کی تنخواہ میں اضافہ کا مدعا جب اٹھایا گیا تو فوراً اس سلسلے میں افسران کو ایک خاکہ تیار کرنے کے لیے کہا گیا جس سے پتہ چلے کہ اس میں کتنی رقم خرچ ہوگی۔ واضح رہے کہ جمعرات کو وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی نے محکمہ تعلیم کا جائزہ لیا تھا جس میں انھوں نے تربیت یافتہ اساتذہ کے تنخواہ میں اضافہ کی بات رکھی تھی۔ اس تجویز کے بعد وزیر تعلیم نے خاکہ تیار کر کے ان کے سامنے لانے کی بات کہی تھی۔