
مدھیہ پردیش پی ای بی گھوٹالے میں کئی آر ایس ایس لیڈروں کا بھی نام!
نئی دہلی:(یو این بی ) مدھیہ پردیش میں پروفیشنل ایگزامنیشن بورڈ (پی ای بی )گھوٹالے میں آر ایس ایس کا بھی نام آنے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ای بی کے ملزم افسران نے پوچھ تاچھ میں آر ایس ایس کے سابق سرسنگھ چالک کے ایس سدرشن اور سریش سونی پر سفارش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات ہائی کورٹ کی نگرانی میں ایس آئی ٹی کر رہی ہے۔ اس طرح کے الزامات سامنے آنے کے بعد کانگریس نے ریاست کے وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان پر حملے تیز کر دئے ہیں۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان کے کے مشرا نے کہا ہے کہ اب شیوراج سنگھ چوہان کو اخلاقی بنیاد پر استعفی دے دینا چاہئے۔ کے کے مشرا نے اس مسئلے کو لگاتار ریاستی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت ان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر چکی ہے پی ای بی کے سابق کنٹرولر پنکج ترویدی نے ایس ٹی ایف کو بتایاکہ ریاست کے سابق وزیر تعلیم لکشمی کانت شرما نے فوڈ انسپکٹر کے عہدے کے لئے امیدوار مہر کمار کی سفارش کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ مہر کمار آر ایس ایس لیڈر سریش سونی کے قریبی ہیں۔ انہوں نے راج کماردھاکڑ ، نریش چندساگر ، سنیل کمار ساہو اور اودھیش بھارگوکی بھی سفارش کی تھی۔ پنکج ترویدی کے مطابق لکشمی کانت شرما کے او ایس ڈی او پی شکلا نے کہا تھا کہ پانچوں امیدوار بہت اہم ہیں۔ مہر کمار نے ایس ٹی ایف کو بتایا کہ میں کے ایس سدرشن کے اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔ میں نے اپنے درخواست فارم کی فوٹو کاپی سدرشن کو دی اور ان سے اپنی نوکری کے لئے گذارش کی۔ انہوں نے اس کے لئے فوری طور پر سابق وزیر تعلیم لکشمی کانت شرما کو فون کیا ۔ ان کے مطابق لکشمی کانت شرما نے نوکری کے لئے یقین دہائی کرائی تھی ۔ مہر کا کنا ہے کہ سدرشن نے مجھ سے کا تھا کہ میں امتحان میں جتنا جانتا ہوں ، اتنے سوالوں کے جواب دوں اور باقی او ایم آر شیٹ خالی چھوڑ دوں ۔ میں نے ہندی ، انگلش، ریزننگ، میتھس، فزکس اور جنرل نالج کے قریب 50 فیصد سوالوں کے جواب دیئے اور باقی او ایم آر شیٹ خالی چھوڑ دی۔ 18 اکتوبر 2012 کو جب رزلٹ آیا تو میرٹ لسٹ میں میرا نام ساتویں مقام پر تھا۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش پروفیشنل ایگزامنیشن بورڈ نے یہ امتحان 7 اکتوبر 2012 کو کرایا تھا۔