پٹنہ:(یو این بی): نومنتخب وزیر اعظم نریندر مودی کے مخالفین میں سے ایک جنتا دل یو لیڈر اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مودی حکومت کے ایک مہینہ مکمل ہونے کے بعد اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 30 دن کسی بھی حکومت کے کام کا تجزیہ کرنے کے لیے بہت قلیل مدت ہے لیکن ابھی تک جو بھی فیصلے لیے گئے ہیں اور جو کچھ بھی دیکھنے کو ملا ہے اس سے ’اچھے دنوں‘ کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران ریاست میں پارٹی کو ملی زبردست شکست کے بعد نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ آج بہار اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران قانون ساز کونسل سے نکلتے وقت مودی کے 30 دنوں کی مدت کار مکمل ہونے کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال پر جواب میں انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جو کچھ بھی کام کیے ہیں اس کا فوری نتیجہ نکالنا درست نہیں ہے لیکن اس کم مدت میں انھوں نے جو کچھ بھی کام کیے ہیں وہ قابل تعریف نہیں ہیں۔ انھوں نے مہنگائی پر قابو نہ پانے کے معاملے پر بھی مودی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ریل کرایہ اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ مایوس کن ہے اور اگر اس طرح کے فیصلے آگے بھی ہوتے رہے تو یقینا پورے ملک کو مایوسی ہوگی۔