
گنگا کی صفائی کے لئے ہائی ٹیک پلان
لکھنؤ: (یو این بی )اترپردیش حکومت گنگا کی صفائی کے لئے کوئی کور کسر نہیں چھوڑ نا چاہتی ہے۔ اب گنگا کی صفائی کے لئے ہائی ٹیک پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس کے تحت گنگا کی صفائی آن لائن نگرانی رکھی جائے گی۔ گنگا ندی بیسن ایسو سی ایشن نے ندی کے کنارے 20 ہائی ٹیک مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان مراکز پر ایسے آلات لگائے جائیں گے جو آلودہ پانی کی نشاندہی کریں گے۔ یہ آلات مرکز پر لگے ڈسپلے پر پانی کی آلودگی کی جانکاری دیں گے ۔ آلودگی کی مقدار بڑھنے پر یہ آلات لال اور ہرے سگنل کے ذریعہ لوگوں کو جانکاری فراہم کریں گے۔ ندی کے کنارے ان مقامات کی نشاندہی کی جائے گی جہاں پر زیادہ آلودگی ہے۔ ان مقامات پر گنگا کی صفائی کرنے اور آلودگی کو دور کرنے کے لئے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان مراکز سے گنگا کی آلودگی سے متعلق تفصیلات مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کو بھی فوری طور دستیاب ہو جائیں گی ۔ ان مراکز کے ذریع یہ بھی پتہ چل جایا کرے گا کہ کس وقت کہاں سے گنگا کے پانی میں کتنی آلودگی چھوڑی گئی ہے۔