رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے تربیت کامہینہ

عبدالحلیم اطہر سہروردی صحافی و ادیب ۔ روزنامہ سلامتی گلبرگہ

رمضان المبارک بڑابابرکت اورمسلمانوں کے لئے تربیت کامہینہ ہے اللہ رب العزت چاہتا ہے کہ اس کے بندوں میں تقوی پیدا ہو، روزوں کی فرضیت کے ساتھ اللہ نے اسکا مقصد بھی یہی بیان کیا ہے کہ روزے تم پر فرض کئے گئے تا کہ تم میں تقوی پیدا ہو لیکن ہم مسلمانوں پر روزہ فرض ہے یہ سمجھ گئے لیکن اس کے مقصد کو بھول گئے نتیجہ جب سے شعور آیا ہے روزہ پابندی سے رکھ رہے ہیں 30,20,10 سال گزرگئے روزہ رکھتے ہوئے لیکن تقوی پیدا نہیں ہوا مقصد سے لاعلمی نے ہمیں اس کے فائدہ سے محروم رکھا ہوا ہے ۔اس ماہ مبارک میں اللہ تعالی سرکش شیاطین کو قید فرمادیتا ہے روزہ سے نفس قابو میں رہتا ہے دوسرے معنوں میں اللہ رب العزت اپنے بندوں کیلئے نیک اعمال کرنے او راپنی مغفر ت کروانے کیلئے راہ ہموار کرتا ہے۔ آج علم عام ہے سینکڑوں کتابیں مطالعہ میں ہیں لائبریریاں کم پڑرہی ہیں علم ہر کوئی حاصل کررہا ہے یہ بہت اچھی بات ہے لیکن افسوس یہ ہے کہ عمل کے میدان میں سناٹا چھایا ہواہے جبکہ اسلام عمل کی دعوت دیتا ہے لیکن مسلمان عمل کے معاملے میں کوتاہی برت رہا ہے ۔رمضان المبارک کو قرآن کریم سے خاص نسبت ہے اس ماہ مبارک میںقر آن نازل کیا گیا لیکن مسلمان اس عظیم کلام الہی سے جس کو اللہ رب العزت نے ساری انسانیت کیلئے ہدایت بنا کے نازل فرمایا۔ اس سے بھی غافل ہے ۔ہم خود بھی قرآن کی تلاوت کریں اس کو سمجھیں اس کی تعلیمات پر عمل کریں اپنی آل اولاد کو بھی قرآن کریم کی تعلیم دیں ،دورحاضر میں عصری تعلیم کیلئے بے شمار سہولتیں دستیاب ہیں قرآن کریم کی تعلیم کے لئے بھی اس طرح کی بہترین سہولتیں فراہم کرکے قرآن کو پڑھنے پڑھانے اور سمجھنے کا اہتمام کریں۔رسول اکرم حضرت محمد مصطفیﷺ نے فر ما یا تم لوگوں میں سب سے بہترین وہ ہے جو قرآن کریم سیکھے ے اور سکھائے قرآن کریم کی تلاوت کر نا یقینا ًباعث ثواب ہے لیکن اگر اس کو سمجھا جائے تو اس سے ایک خاص تعلق پیدا ہو گا اور زندگی گذارنے کا صحیح سلیقہ و طریقہ سمجھ میں آجائیگا اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کر نے کی سعاد ت بھی نصیب ہو گی اور وہ دنیا و آخرت میںکامیاب ہو جائیگا ۔تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ قرآن کو سمجھیں اور اس کے پیغام کو اوروں تک پہنچائیںِ قرآن کریم سے ہدایت پانے کے لئے اس کو سمجھنا ضروری ہے۔ آج امت قرآن سے دور ہوگئی تو خیرو برکت سے محروم ہوگئی امت پھر سے قرآن سے رشتہ جوڑلے تو اللہ انہیں ا س کی برکت سے بلندی عطا فرمائے گا ،اپنے گھروں کو تلاوت کلام پاک سے آباد رکھیں ،قرآن قیامت تک کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے امت جب تک قرآن سے ہدایت حاصل کرتی رہے گی اور حضور اکرم ﷺ کی سنتوں پر عمل کرتی رہے گی کامیاب رہے گی ۔ اور جب قرآن کریم سے ہدایت لینا چھوڑ دے گی اور اتباع سنت سے منہ موڑ لے گی ، پستی اور گمراہی میں پڑ جائیگی ۔ قرآن کریم کے مطابق اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سنتوں کے مطابق اپنی زندگی گذاریں اسی میں اصل کامیابی ہے ۔ اللہ رب العزت فرماتا ہے نماز قائم کرو، اس کا مطلب ہے کہ دن میںپانچ وقت بلاناغہ پابندی سے نماز پڑھیں تبھی اللہ کے حکم نماز قائم کرو کی تعمیل ہوگی لیکن مسلمان آج نماز سے بھی غفلت برت رہا ہے ۔اس ماہ مبارک میں اللہ کو راضی کر نے کی فکر کریں نمازوں کی پابندی کریں،نماز ہر برے کام سے روکتی ہے اور یہ اللہ کے ذکر کا بہترین ذریعہ ہے ، جس بندہ کو ایمان کی قدر ہے اور جس بندہ کے ایمان کی اللہ کے پاس قدر ہے وہی بندے نماز پڑھتے ہیں روزہ رکھتے ہیں،تلاوت کرتے ہیں تمام نیک اعمال کرتے ہیں اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں ورنہ کتنے ہی ایسے ہیں جو بلا عذر روزے نہیں رکھتے نماز نہیں پڑھتے ۔ رمضان کا مہینہ آپ سے مجاہدہ چاہتا ہے اس ماہِ مبارک میں بے شمار گھڑیاں قبولیت دعا کی ہیں۔ اس لئے اس ماہ مبارک میں عبادتوں کے ساتھ دعا کا بھی خاص اہتمام کریں اور اپنے لئے ہدایت کی دعا مانگتے رہیں،ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگاکہ ہمارے کس عمل کے سبب دعا قبول نہیں ہو رہی ہے۔ جس کے والدین اس سے ناراض ہوں ایسے بندے کی دعا قبول نہیں ہوتی کیونکہ والدین کی رضا میں اللہ کی رضا ہے اور عصر حاضر میں اکثریت والدین سے نافرمانی کر رہی ہے۔ اگر ہمارا رزق حلال نہیں ہے تو اللہ دعا قبول نہیں کرتا دعا کی قبولیت کیلئے بندہ پہلے تو اللہ سے توبہ کرے اور پھر والدین کو راضی کرے اور رزق حلال کا پابند ہوجائے پھر اسکی دعائیں قبول ہونگی۔ اس ماہ مبارک میں اللہ نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا کر عطا فر ما تا ہے نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب 70؍درجہ بڑھا کر عطا کر تا ہے اس لئے مسلمان زکوٰۃ رمضان المبارک میں ادا کر تا ہے تاکہ اس کا ثواب 70؍درجہ بڑھا ہو احاصل کر ے ۔انسان کی مو ت کے ساتھ تمام معاملے ختم ہو جاتے ہیں لیکن تین اعمال اسے فائدے پہنچاتے رہتے ہیں۔ ایک صدقہ جاریہ دوسرا علم نافع اور تیسرا نیک اولاد اپنی اولاد کو دینی تعلیم سے آراستہ کرو اور جوکچھ تم علم رکھتے ہو دوسروں تک پہنچائو اور مال میںسے ایساخرچ کرو کہ وہ طویل وقت تک فائدہ پہنچاتا رہے ۔گناہوں سے توبہ کریں،اللہ سے جو بندہ گناہوں پر نادم ہوکر اور آئندہ گناہ نہ کرنے کا مصمم ارادہ کر کے سچے دل سے توبہ کرتا ہے تو اللہ اس کی توبہ قبول کرتا ہے اور اس کے گناہ معاف فرما دیتا ہے۔ اگر بندہ توبہ بھی کرے اور اس کو اپنے گناہوں پر ندامت نہ ہو اور آئندہ گناہوں سے بچنے کا مصمم ارادہ نہ ہو تو اس کا دوبارہ گناہوں کی طرف لوٹنے کا اندیشہ رہتاہے ۔
اس ما ہ مبارک کے آخری عشرے میں ایک رات ہے جس میں عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے ۔اللہ رب العزت نے اپنے نبی علیہ الصلوۃ والسلام کی برکت سے یہ رات یعنی شب قدر عطا فرمائی ہے جس میں اللہ تقدیروں کا فیصلہ فرماتا ہے اللہ رب العزت کو امت محمدیہ سے بہت محبت ہے اس لئے اللہ نے اس پر کئی احسان اور انعام فرمایا ہے،شب قدر سے جو محروم رہا وہ سال بھر کی برکتوں اور نعمتوں سے محروم رہا۔ طاق راتوں میں تلاش شب قدرکااہتمام کریں،
رمضان کا بابرکت مہینہ جیسے ہی ہمارے پر سایہ فگن ہوتا ہے ظاہری اور باطنی معاملات بدل جاتے ہیں دل کی دنیا ہی بدل جاتی ہے اور وہ مسلمان جو صرف نام کے ہوتے ہیں وہ بھی نماز روزہ کی پابندی کی فکر میں لگ جاتے ہیں دوسری قوموں کے لئے یہ کوئی معجزہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ اس مہینے میں صرف خیر ہی خیر دیکھتے ہیں مساجد نمازیوں سے بھری ہوتی ہیں سروں پر ٹوپیاں نظرآتی ہیں ہر طرف ایک دینی ماحول چھا جاتا ہے جسے ساری دنیا محسوس کرتی ہے اہل فکر دن اور رات اللہ کو راضی کرنے میں لگے رہتے ہیں طاق راتوں میں شب قدر تلاش کرتے ہیں زکوۃ ادا کرتے ہیں تو غریبوں کی بھی عید ہوجاتی ہے اس ماہ مبارک میں سبھی پر اللہ کی رحمتیں برستی محسوس ہوتی ہیں مسلم سماج میں اتنی بڑی تبدیلی سے دوسری قومیں رشک کرتی ہیںَ،اس ماہ مبارک میں مسلمان جتنی پابندی کرتے ہیں وہ بقیہ مہینوں میں بھی اسی طرح پابندرہیں ۔ عید کے معنی خوشی کے ہیں اور اصل خوشی اس کو حاصل ہوتی ہے جس نے رمضان کو پایا او راپنی مغفرت کروالی بلکہ جس نے رمضان کو پایا اور اپنی مغفرت نہ کرواسکا اس کے لئے جبرئیل امین نے ہلاک و برباد ہوجانے کی بددعا فرمائی اور رسول رحمت ﷺ نے اس پر آمین فرمائی ہے تو اس کی روشنی میں یہ معلوم ہوا کہ اصل عید اس کی جس نے اس ماہ مبارک میں مغفرت کروالی او رجو اس سے محروم رہا اس کے لئے یہ وعیدبن جائے گیَ۔(یو این این)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *