نئی دہلی: (یو این بی): سال 2022 تک سبھی کو گھر فراہم کیے جانے کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے سرگرمیاں ابھی سے شروع ہو چکی ہیں۔ حکومت نے اس شعبہ میں چلائے جا رہے مختلف منصوبوں کا تجزیہ کرنے کے لیے رہائش اور شہری ترقی کے سکریٹری اور وزراء کی ایک میٹنگ طلب کی ہے۔ مرکزی وزیر برائے شہری ترقی اور رہائش ایم ونکیا نائیڈو کی صدارت میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا جو کہ 3 جولائی تک چلے گا۔ میٹنگ کا موضوع ’شہری انتظامیہ اور سبھی کے لیے رہائش گاہ: ممکنات اور چیلنجز‘ ہوگا۔ واضح رہے کہ ’2022 تک سبھی کے لیے گھر‘ این ڈی اے حکومت کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔
جواہر لال نہرو قومی شہری جدیدکاری مشن (جے این این یو آر ایم) کے تحت بنائے جانے والے مکانات کے تعمیری کام میں تیزی لانے کے مقصد سے طلب میٹنگ میں صلاح و مشورہ کیا جائے گا ارو ’افارڈیبل ہائوسنگ اِن پارٹنرشپ‘ اور ’راجیو آواس یوجنا‘ کے تحت ہوئے کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔ میٹنگ میں رہائش، شہری ترقی، شہری معاملات، مقامی انتظامیہ کے مرکزی، ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزیر اور سکریٹر ی شریک ہوں گے۔ اس میٹنگ میں کفایتی رہائش گاہ اور کرائے کے رہائش گاہ کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے ڈیولپروں اور بلدروں کو فروغ دیے جانے کے امکانات کا پتہ لگایا جائے گا۔ این ڈی اے حکومت کا مقصد سال 2022 تک سبھی کے لیے گھر یقینی بنانا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس کے لیے عام بجٹ میں مناسب رقم متعین کیا جائے گا۔