
ناجائز وصولی کے خلاف کوآپریٹو کالج میں اے بی وی پی کی ہنگامہ آرائی
بیگوسرائے: (یو این بی): انٹر وڈگری ون میں ایڈمیشن میں دستخط و حاضری فیصد لکھنے کے عوض میں کوآپریٹو کالج کے ملازمین کے ذریعہ جم کر ناجائز وصولی کی جارہی ہے۔ اس کی شکایت ملتے ہی اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے درجنوں کارکنان کالج کیمپس پہنچ گئے ۔ اور جن جن ملازمین پر اسٹوڈینٹس نے ناجائز وصولی کا الزا م لگایا تھا ان لوگوں سے ملاقات کر ایسا کرنے سے منع کیا اور ساتھ ہی جو جائز کام ہے اسی کو کرنے کو کہا مگر کائونٹر پر بیٹھے ایک ۔دو ملازمین نے طالب علم لیڈر کی بات ماننے سے یہ کہتے ہوئے انکا ر کر دیا کہ صبح سے بیٹھ کر آنکھ گڑائے کام کر رہے ہیں ۔جو مرضی ہو گا وہیں کریں گے نہیں تو کام نہیں کریںگے۔ طالب علم لیڈران انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ جس کے پاس کم پیسے ہیں آپ ان کا فارم نیچے کیوں پھینک رہے ہیں اس پر بھی ملازم اکڑ گیا۔ اس سے لیڈران مشتعل ہوگئے اور کو آپریٹو کالج اکائی کے صدر نیرج کمار کو اس کی اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی نیرج کمار نگر منتری اجئے کمار کے ساتھ کالج پہنچ گئے اور اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر کالج میں چل رہے سبھی کائونٹر کو بند کرادیا۔ صرف اتنا ہی نہیں مشتعل اسٹوڈینٹس نے پرنسپل کے آفس میں بیٹھے ٹیچروں کو بھی کمرے میں بند کر یرغمال بنا لیا۔ اور کالج انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی شروع کر دی۔ادھر کالج کے پرنسپل کی غیر موجود گی کی وجہ سے مشتعل لڑکوں سے بات کرنے کے لئے کوئی بھی ٹیچر آگے نہیں آرہا تھا ۔بعد میں یونیورسٹی صدر اجیت کمار چودھری کی پہل پر طالبعلم لیڈران کا ایک وفد انچارج پرنسپل ڈاکٹر رام آشرے سنگھ سے ملاقات کر ملازمین کی حرکتوںسے انہیں روشناس کرایا۔ جس پر پرنسپل انچارج نے ان کی شکایت کو پرنسپل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ جس کے بعد مشتعل اسٹوڈینٹس نے کائونٹر پر کام شروع ہونے دیا۔ واضح ہو کہ ان دنوں کوآپریٹو کالج میں آن لائن ایڈمیشن لیا جارہا ہے۔ مگر کالج انتظامیہ کی جانب سے دو سسٹم کالج کیمپس میں لگوانے کی یقین دہانی کے بعد بھی آج تک کالج کیمپس میں کمپیوٹر نہیں لگوایا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے پڑوس کے سائیبر کیفے وغیرہ کے مالک منمانے ڈھنگ سے فارم پر کرنے اور پرنٹ نکالنے کی قیمت وصول کر رہے ہیں۔ اس موقع پر باسوکی کمار، راہل کمار، ونود کمار، راہل جین، روشن، کوشل، متھن کمار سمیت دیگر موجودتھے۔