
آدرش گھوٹالہ معاملہ میں سی بی آئی نے اضافی چارج شیٹ داخل کی
نئی دہلی، یکم جولائی (یو این بی): سی بی آئی نے کروڑوں روپئے کے آدرش سوسائٹی گھوٹالہ معاملہ میں جانچ کا کام مکمل کر لیا ہے اورسی بی آئی کی خصوصی عدالت میں دوسری اضافی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ سی بی آئی ایسے فلیٹ مالکان کے متعلق خصوصی نوٹ (ایس سی این ) تیار کر رہی ہے جو سوسائٹی میں فلیٹ خریدنے کے نا اہل پائے گئے۔ یہ نوٹ جلد ہی مہاراشٹر حکومت کو سونپ دیا جائے گا۔ سی بی آئی کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ چارج شیٹ چار ملزموں کے خلاف داخل کی گئی ہے۔ سی بی آئی افسر کے مطابق سوسائٹی کے ایک رکن کی موت ہو گئی ہے اس لئے اس کا نام چارج شیٹ میں داخل نہیں کیا گیا ہے۔ چارج شیٹ میں سابق رکن اسمبلی مکند رائو مانکر، لینڈ اسکیپ ریلٹرپرائیویٹ لمیٹڈ (ایل آر پی ایل) کے سنجے کوندوا اور گوپال کودوار اور ہندوستانی نژاد برطانیہ کے شرد مدن شامل ہیں۔ سی بی آئی افسر کا کہنا ہے کہ (ایل آر پی ایل ) مکھوٹا کمپنی تھی جس کا مقصد صرف آدرش میں بے نامی فلیٹ کی مالی امداد کرنا تھا۔ افسر کے مطابق ایل آر پی ایل نے مکند رائو مانکر کو 62 لاکھ روپئے قرض دیا تھا۔ چارج شیٹ کے مطابق ایل آر پی ایل کو پانچ چھ مکھوٹا کمپنیوں سے پیسہ ملا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک مکھوٹا کمپنی کا پتہ کسی تعلیمی ادارے کا ہے جس کی صدارت ایک ریاستی کابینہ وزیر کرتے ہیں۔ اس مکھوٹا کمپنی نے مبینہ طور پر ایل آر پی ایل کو پیسہ دیا تھا۔ سی بی آئی افسر کے مطابق سی بی آئی کی رپورٹ کی بنیاد پر خصوصی نوٹ پیش ہونے کے بعد ریاستی حکومت آگے کی کاروائی سے متعلق فیصلہ کر سکتی ہے۔