مہاراشٹر میں سیاحت کاخوبصورت مرکز:مہابلیشور

مہاراشٹر میں سیاحت کا ایک مرکز:مہابلیشور

مہابلیشور کی جھیل کا خوبصورت منظر
مہابلیشور کی جھیل کا خوبصورت منظر

موسم گرما میں اگرآپ ٹھنڈ ک بھری ہوائوں کے ساتھ کہرے کا لطف لینا چاہتے ہوںتو یقینا آپ کو مہابلیشور کا دورہ کرنا پڑے گا۔تاریخی اعتبار سے شیوا جی سے منسوب مہاراشٹر کے مقبول عام ہل اسٹیشنوں میں سب سے مشہور سیاحتی مقام کی دریافت چونکہ برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے گورنر جان مالکم نے 1828میں کی تھی اس لئے اسے مالکم پیٹھ بھی کہا جاتا ہے۔مہابلیشور قدیم آثار و تعمیرات کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز رہا ہے یہ صرف اسٹرابیری کی ہی وجہ سے مشہور نہیں ہے بلکہ رنگ برنگے پھل پھول اور سبزیاں بھی یہاں لوگوں کو اپنی طرف مائل کرتی ہیں۔قدیم چٹانوں کی طرح ماضی کی یاد دلانے والا یہ علاقہ کرشنا ندی کی وجہ سے مذہبی زائرین کے بھی توجہ کا مرکز رہا کرتا ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ قدیم مہابلیشور میں برہمنوں اور پنڈتوں کی اچھی خاصی تعداد آباد ہے۔
چونکہ سیاحتی لحاظ سے یہ سب سے عمدہ مقام ہے لہذاموسم گرما کے ساتھ موسم سرما میں بھی یہاں کے ہوٹل اور مکانات پر سیاحوں اورزائرین کا ازدہام رہتا ہے۔ عارف انصاری کے مطابق’’ اسڑابیری کے باغات میں لوگوں کی بھیڑ لگی ہوتی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں زائرین فروٹ جوس اور صاف ستھرے تازہ پھل سے لطف اندوز ہوتے ہیںبازار میں ہر طرح کے پھلوں کا جوس میسر ہوتا ہے جہاں لوگ اپنی پسند کے اعتبار سے دلوں کو تازگی بخشتے ہیں،یہ ایک حقیقت ہے کہ سیزن کے وقت مہابلیشور رنگا رنگ نظر آتا ہے‘‘۔حال ہی میں مہابلیشور کا دورہ کر کے آئے ریحان انصاری کہتے ہیں’’میں اکثر بارش کے موسم میں وہاں جانا پسند کرتا ہوں جبکہ در و دیوار ہری بھری گھانسوں سے ڈھکی ہوتی ہیں ،ہر چیز پر سر سبزی و شادابی چھائی رہتی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے گویا یہ تمام ہرے بھرے گھاس آپ ہی کے لئے اگائے گئے ہوں۔اسی کے ساتھ اہم بات یہ ہے کہ اس موسم میں سیزن کے بالمقابل قیمتیں کم ہوتی ہیں اور آپ انتہائی کم قیمت پرہی ہر طرح کا لطف اٹھا سکتے ہیں‘‘۔مہابلیشور کے انتہائی خوبصورت ہل اسٹیشنوں میں آرتھر پوائنٹ،بیبنگٹن پوائنٹ،کاٹے پوائنٹ،ولسن پوائنٹ اور ممبئی پوائنٹ اہم ہیں۔
آرتھر میلٹ کے نام سے مشہور آرتھر پوائنٹ بازار سے صرف 12کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ۔تمام اہم پوائنٹس میں سب سے زیادہ مشہور اس مقام کے بارے میںکہا جاتا ہے کہ یہاں سے دکن اور کوکن کی سرحدوں کا تعین کیا جاتا ہے۔کاٹے پوائنٹ کرشنا کی وادیوں کی سیر کراتا ہے جہاں جھرنے اور ڈیم خوشنما منظر پیش کرتے ہیں۔جبکہ بیبنگٹن پوائنٹ یہاں سے محض ڈھائی کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ۔مکرنا گڈھ،سالسی اور کوئینا کی وادیاں یہاں سے بخوبی نظر آتی ہیں۔اسی طرح ولسن پوائنٹ طلوع آفتاب کے نظارہ کے لئے سب سے بہتر مقامہے ،یہاں پر تین پلیٹ فارم بنے ہوئے ہیںجہاں سے طلوع آفتاب کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔البتہ ہمارا مشورہ ہے کہ آپ پلیٹ فارم نمبر 2سے طلوع آفتاب کو نہاریںکیونکہ یہ سمندری لیول سے 4735فٹ پر واقع ہے یہاں پر واقع دوسرے پوائنٹسمیںکشترا،کناٹ پک پوائنٹ اور الفسٹن پوائنٹ اہم ہیںآپ ان مقامات سے غروب آفتاب کا بھی نظارہ کر سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *