فیس بک چیف آپریٹنگ افسر کی مودی سے ملاقات

ہندوستان کے لیے فیس بک کس طرح کارآمد ثابت ہو سکتا ہے: مودی کا شیرل سے سوال
نئی دہلی، 3 جولائی (یو این بی): سوشل نیٹورکنگ سائٹ فیس بک کی چیف آپریٹنگ افسر (سی او او) شیرل سینڈبرگ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ہندوستان میں فیس بک کے کاروبار کو مزید فروغ دینے کے تعلق سے بات چیت کی ہے۔ مودی نے شیرل سے ہوئی ملاقات کے دوران کئی اہم باتوں کو منظر عام پر بھی لایا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں ہندوستان کی تصویر بدلنے کا دعویٰ کرنے والے مودی نے شیرل سے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے بارے میں بھی کچھ سوال کیے۔ انھوں نے جاننا چاہا کہ فیس بک کے استعمال سے ان کے وعدوں کو پورا کرنے میں کتنی آسانی ہوگی۔
نئی تکنیک کا استعمال کرنے میں ماہر اور سوشل نیٹورکنگ سائٹس پر سرگرم ومدی نے شیرل سے پوچھا کہ نظام حکومت اور لوگوں سے رابطہ قائم کرنے میں فیس بک کا استعمال مزید بہتر طریقے سے کس طرح کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے شیرل سے یہ بھی جاننا چاہا کہ فیس بک کے ذریعہ سے بیرون ممالک میں ہندوستانی سیاحت کو کس طرح فروغ دیا جا سکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ بیرونی سیاح کو ہندوستان لایا جا سکتا ہے۔ شیرل سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی نے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ کو ’شفاف ہندوستان‘ کی شکل میں منانے کو حکومت پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے شیرل سے سوال کیا کہ اس مہم میں فیس بک ان کی حکومت کے لیے کس طرح کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔
وزیر اعظم نے شیرل سینڈبرگ سے ملاقات کو انتہائی مثبت قرار دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ہندوستان فیس بک کے لیے اہمیت کا حامل ملک ہے کیونکہ ہندوستان میں سب سے زیادہ سرگرم فیس بک اکائونٹ ہولڈرس ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران کہا تھا کہ 2019 میں مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ 2019 میں صاف و شفاف ہندوستان کا تحفہ مہاتما گاندھی کو ان کی سالگرہ پر پیش کریں۔