وکیل احمد خان
فیفا عالمی کپ دھیر ے دھیرے اپنے آخری پڑائو کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ناک آئوٹ کے مقابلے ختم ہو چکے ہیں ۔ کئی ٹیمیں مقابلے سے باہر ہو چکی ہیں اور اب کوارٹر فائنل کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ناک آوٹ مرحلے میں زبردست میچ دیکھنے کو ملے ۔ ناک آئوٹ مرحلے میں بہتر مظاہرہ کرنے والی ٹاپ کی آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں۔ اب ان ٹیموں کے درمیان سبقت مارنے کی بازی ہے۔ فیفا عالمی کپ میں پچھلے تین ہفتوں میں شائقین کو ایک سے بڑھ کر ایک مقابلے دیکھنے کو ملے اور اب کوارٹر فائنل میں بھی شائقین کو اسی طرح کے مقابلوں کی امید ہے۔ کوارٹر فائنل میں یورپ، جنوبی و لاطینی امریکہ کی چار چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے میدان میں اتریں گی۔ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی آٹھ ٹیموں میں سے چار ٹیمیں برازیل ، جرمنی، ارجنٹینا اور فرانس فیفا عالمی کپ کی سابق چیمپئں رہ چکی ہیںجبکہ نیدر لینڈس ، بیلجیئم ، کوسٹا ریکا اور کولمبیا پہلی بار خطاب پر قبضہ جمانے کی کوشش میں ہیں۔ کوسٹا ریکا اور کولمبیانے تو پہلی بار آخری آٹھ میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یو روپ سے سب سے زیادہ چار ٹیمیں جرمنی ، فرانس، نیدر لینڈ اور بیلجیم کوراٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیا ب ہوئی ہیں ۔
ناک آوٹ مرحلے میں تقریبان ہر میچ زبردست رہا ۔ ناک آئوٹ مرحلے میں 8 میچ کھیلے گئے۔ اس مرحلے میں کتنے سخت مقابلے ہوئے اس کا اندازہ اسی با ت سے لگایا جاسکتا ہے کہ آٹھ میں سے پانچ میچوں کے فیصلے اضافی وقت میں ہوئے جبکہ دو میچوں کے مقابلوں کا نتیجہ پنالٹی شوٹ آئوٹ میں آیا۔ برازیل اور چلی کے درمیان کھیلے گئے ناک آئوٹ کے پہلے مقابلے کا ہی نتیجہ اضافی وقت میں آیا ۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا اس کے بعد کھیل کا نتیجہ پنالٹی شوٹ آئوٹ سے آیا۔ پنالٹی شوٹ آئوٹ میں برازیل نے تین دو سے بازی ماری۔ اسی طرح سے ارجنٹینا اور سوئزرلینڈ کے درمیان مقابلہ رہا ۔ اس میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں ایک بھی گول نہیں کر پائیں جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا ۔ اضافی وقت کے آخری دو منٹ میں کئے گئے گول سے ارجنٹینا کو کامیابی ملی۔ کوسٹا ریکا اور یونان کے درمیان میچ میں بھی دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کر پائی تھیں ۔ جس کے بعد میچ کا نتیجہ پنالٹی شوٹ آئوٹ سے نکالا گیا ۔ پنالٹی شوٹ آئوٹ میں کوسٹا ریکا نے 5-3 سے کامیابی حاصل کی ۔ بیلجیم اور امریکہ کے درمیان کھیلے گھے میچ مییں بھی نتیجہ پنالٹی شوٹ آئوٹ سے نکلا کیونکہ مقررہ وقت میں ایک بھی گول نہیں ہو پایا ۔ اضافی وقت میں تین گول ہوئے اور بیلجیئم نے 2-1 سے جیت درج کی۔ جرمنی اور الجیریا کے درمیان کھیلے گئے مقابلے کا نتیجہ بھی اضافی وقت میں آیا جس میں جرمنی نے بازی ماری ۔
بحر حال ناک آئوٹ دور میں آٹھ ٹیمیں باہر ہو چکی ہیں اور آٹھ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے میچ میں اپنا سب کچھ جھونکنے کو تیار ہیں۔ نا ک آئوٹ مقابلوں کے دیکھنے کے بعد کہا جا سکتا ہے کہ کوارٹر فائنل کے مقابلے اس سے بھی زبر دست ہو سکتے ہیں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سے ہر ٹیم فیفا عالمی چیمپئن بننے کا خواب شرمندہ تعمیر کرنا چاہے گی۔ اس لئے حریف ٹیموں کو شکست دینے کے لئے تمام ٹیمیں پوری طاقت جھونک دیں گی۔ کوارٹر فائنل کا پہلا مقابلہ فرانس اور جرمنی کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ دونوں ہی مضبوط ٹیمیں ہیں اور دونوں ہی ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کی پر فارمنس کو دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ شائقین کو ایک اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 25 مقابلے ہوئے ہیں جن میں فرانس کے گیارہ اور جرمنی نے آٹھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سنیچر کے روز ارجنٹینا اور بیلجیئم کے درمیان کوارٹر فائنل مقابلہ ہوگا ۔ ارجنٹینا نے سوئزلینڈ کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کا کہنا ہے کہ قسمت سے ٹیم کو یہ جیت نصیب ہوئی ۔انہوں نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ قسمت سے ملی اس کامیابی کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ارجنٹینا اور بیلجیم کے درمیان بھی شائقین کو زبر دست مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے کیونکہ دونوں ہی ٹیموں نے ناک آئوٹ میں سخت مقابلوں کے بعد کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ دونوں ٹیموں کے پاس اسٹار کھلاڑی موجود ہیں اور ان کی موجودگی میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی شکست دے سکتی ہے۔
سبھی چاروں کوارٹر فائنل کے مقابلوں کے نتائج چاہے کچھ ہوں لیکن یہ بات تو طے ہے کہ کم از کم ایک یوروپین ٹیم اس ٹورنا منٹ کے سیمی فائنل میں انٹری ضرور کرے گی۔ یہ ورلڈ کپ یو روپ کی ٹیموں کے لئے مشکل بھرا ثابت ہوا کیونکہ 13 میں سے صرف چار ٹیمیں ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ سکی ہیں ۔ جرمنی کی ٹیم لگاتار نویں بار کوارٹر فائنل مقابلہ کھیل رہی ہے۔ میز بان برازیل کاسامنا دوسرے کوارٹر فائنل میں کولمبیا سے ہوگا ۔ نیمار کی فٹنس ایک مسئلہ ہے اگر وہ پوری طرح سے فٹ ہوکر میدان میں اترتے ہیں تو فٹ بال کے شائقین کو نیمار اور روڈرگس کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا ۔ نیمار نے ٹورنامنٹ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوے چار گول کئے ہیں جبکہ روڈرگس نے بہترین کھیل دکھاتے ہوئے پانچ گول کئے ہیں اور وہ تین بار مین آف دی میچ بھی رہ چکے ہیں ۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گولڈن بوٹ کی بھی جنگ ہوگی ۔ نیمار کے کندھوں پر ٹیم کو چھٹی بار عالمی چیمپئن بنانے کی ذمہ داری ہوگی۔ لیکن کولمبا کے مضبوط دفاع کو توڑنا نیمار کے لئے آسان بھی نہیں ہوگا۔ اگر روڈرگس پوری لئے میں دکھائی دئے تو برازیل کو عالمی چیمپئن بننے کا خواب ادھوا رہ سکتا ہے۔
فٹ بال شائقین کو ادھرفٹ بال کے سپر ہٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ان مقابلوں میں بہترین کا کھیل کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کو سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل ہوگا ۔ فیفاعالمی کپ پر کس ٹیم کا قبضہ ہوگا اس کا فیصلہ تو 13 جولائی کو ہوگا لیکن اس سے پہلے ہی کوارٹر فائنل میں ہی فائنل جیسے مقابلوں کی امید کی جا رہی ہے۔ اسٹار کھلاڑیوں کے پاس ایک بار پھر ہیرو بننے کا موقع ہے تو دیگر کھلاڑی بھی اپنی تمام صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کو فیفا عالمی کپ کا چیمپئن بنانے کا سنہری موقع کھونا نہیں چاہیں گے ۔