نئی دہلی، 5 جولائی (یو این بی): وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت گاڑی ڈرائیوروں کو ایک خاص تحفہ دے سکتی ہے۔ یہ خاص تحفہ ٹول ٹیکس سے منسلک ہے۔ مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹیشن نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ان کی وزارت ’نئی ٹول پالیسی‘ پر غور کر رہی ہے۔ اس کے مطابق گاڑی ڈرائیوروں کو سڑک پر جہاں تک جانا ہے اسے وہیں تک کا ٹول دینا ہوگا۔
گڈکری سے راجستھان کی وزیراعلیٰ وسندھرا راجے اور ریاست کے پبلک ورکس کے وزیر یونس خان نے دہلی میں ملاقات کی اور کام پورا ہونے تک این ایچ-8 پر ٹول وصولی بند کرنے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ اس پر گڈکری نے معاہدہ کی شرطوں کے مطابق ایسا کرنے پر مجبوری ظاہر کی۔ جے پور-دہلی شاہراہ کو چوڑا کرنے کے کام میں ہو رہی تاخیر کے اسباب کا پتہ کرنے مرکزی روڈ ٹرانسپورٹیشن وزارت کے سکریٹری اور راجستھان کے چیف سکریٹری مشترکہ طور پر موقع کا معائنہ کریں گے۔ تاخیر کے لیے این ایچ آئی، ریاستی حکومت اور معاہدہ کیے گئے فرم کی ذمہ داری بھی طے کی جائے گی۔