ڈیفنس اور انشورنس میں 49 فیصد ایف ڈی آئی، تمباکو اور بوتل بند مشروب مہنگا، 100 اسمارٹ شہر بنانے کا اعلان
نئی دہلی، 10 جولائی (یو این بی): مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی نے آج لوک سبھا میں مودی حکومت کا پہلا عام بجٹ پیش کرتے ہوئے کئی ایسے اعلانات کیے جسے سن کر عوام کے چہرے کھل گئے۔ وزیر مالیات نے جہاں انکم ٹیکس میں راحت دی، وہیں ملک کے کسانوں کی قسمت بدلنے کے لیے بھی کئی منصوبے کا اعلان کیا۔ اس دوران مدرسوں کی تجدید کے لیے 100 کروڑ روپے مختص کیے جانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ بجٹ تقریر میں لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی کے منشور میں کیے گئے وعدوں کی کچھ جھلکیاں بھی نظر آئیں۔ جیٹلی نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں پانچ فیصد سے کم شرح ترقی کی وجہ سے چیلنج بہت بڑھ گیا ہے۔ مانسون بھی ساتھ نہیں دے رہا ہے۔ حالانکہ، مہنگائی دھیرے دھیرے کم ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے 45 دن میں حکومت سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کی جا سکتیں۔ مہنگائی پر قابو کی کوششیں لگاتار جاری ہیں۔
کچھ چیزیں سستی ہوئیں، کچھ مہنگی
وزیر مالیات نے اعلان کیا کہ سگریٹ سمیت سبھی طرح کے تمباکو اشیاء مہنگے ہوں گے جب کہ دوائیاں سستی ہوں گی۔ کھانا پکانے والے تیل، صابن اور ٹی وی سستا ہوگا جب کہ بوتل بند مشروب (کولڈ ڈرنکس) او رپیکٹ کا جوس مہنگا ہوگا۔ 19 انچ سے کم والے ایل ای ڈی، ایل سی ڈی ٹی وی سستے ہوں گے۔ موبائل فون اور کمپیوٹر کے پرزے بھی سستے کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔ اسمارٹ کارڈ پر لگنے والا فیس بھی کم ہوگا۔ اسٹینلس اسٹیل کے سامان بھی سستے کرنے کا اعلان ارون جیٹلی نے کیا۔ اس کے علاوہ سولر اور ائیر انرجی والے اشیاء سستے ہوں گے جب کہ کپڑے اور کاسمیٹک مہنگے ہوں گے۔
انکم ٹیکس رعایت کی حد میں اضافہ
انکم ٹیکس میں ملنے والی رعایت کی حد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ حد دو لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ یعنی ڈھائی لاکھ روپے تک کی آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔ 80سی کے تحت ملنے والی رعایت کی حد ایک سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کی گئی ہے۔ ضعیف العمر اشخاص کے لیے تین لاکھ روپے تک کی آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔ اس کے علاوہ ہوم لون کے سود پر دو لاکھ روپے تک ٹیکس کی رعایت ملے گی۔ وزیر مالیات نے کہا کہ پی پی ایف میں سرمایہ کاری کی حد ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کیے جانے کی تجویز ہے۔
100 اسمارٹ شہر
مودی حکومت ملک بھر میں 100 اسمارٹ شہر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے لیے 7600 کروڑ روپے کی تجویز ہے۔ ملک بھر میں 7 انڈسٹریل اسمارٹ شہر بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔ اسمارٹ شہر کے لیے بیرون ملکی سرمایہ کاری کا بھی منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ 20 لاکھ سے زیادہ کی آبادی والے شہروں کے لیے میٹرو چلانے کی تجویز ہے۔ لکھنؤ اور احمد آباد میں میٹرو کے لیے 100 کروڑ روپے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
گنگا میں جہاز چلانے کا منصوبہ
ارون جیٹلی نے کہا کہ آئندہ 6 سال میں گنگا آبی راستے کو فروغ دیا جائے گا اور اس کے لیے 4200 کروڑ روپے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یو پی کے الٰہ آباد سے مغربی بنگال کے ہلدیا کے درمیان گنگا ندی میں پانی کے جہاز چلیں گے۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ کے لیے 37,880 کروڑ روپے کے علاوہ 16 نئے بندرگاہ منصوبے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔
ای-ویزا سہولت کا آغاز ہوگا
وزیر مالیات نے عام بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے ملک کے 9 ہوائی اڈوں پر چھ مہینوں کے اندر ای-ویزا سہولت شروع کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سیاحت نے روزگار کے مواقع بڑھانے میں کافی تعاون کیا ہے اور ای-ویزا سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔ انھوں نے پانچ ’ٹورسٹ سرکٹ‘ بنائے جانے کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ امرتسر اور متھرا کو ’وراثتی شہر‘ کی شکل میں توسیع دیے جانے کی بھی تجویز پیش کی۔
سبھی ریاستوں میں AIIMS جیسے ادارے
عام بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر مالیات نے ہندوستان کی سبھی ریاستوں میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) جیسے ادارے کھولے جانے کا اعلان کیا۔ جیٹلی نے کہا کہ چار نئے ایمس (آندھرا پردیش، پوروانچل، مغربی بنگال اور وِدربھ کے لیے) کا قیام عمل میں آئے گا۔ 12 میڈیکل کالجوں میں ڈینٹل سہولیات مہیا کرائی جائیں گی۔ پانچ نئے آئی آئی ٹی، پانچ نئے آئی آئی ایم کا قیام بھی عمل میں آئے گا۔ اس کے علاوہ مدرسوں کی تجدید کے لیے 100 کروڑ روپے کی تجویز ہے۔
بچیوں کے فلاح کے لیے 100 کروڑ روپے
جیٹلی نے ’بیٹی بچائو، بیٹی پڑھائو‘ منصوبہ کا اعلان کیا اور بچیوں کے فلاح کے لیے 100 کروڑ روپے کی رقم مختص کیے جانے کا اعلان کیا۔ جیٹلی نے ملک میں بچیوں کے تئیں لوگوں کی عدم توجہی کو باعث فکر قرار دیا اور بتایا کہ دہلی میں خواتین کے لیے ’کرائسس مینجمنٹ سنٹر‘ کھولا جائے گا۔ اس کے لیے رقم ’نربھیا فنڈ‘ سے دیا جائے گا۔ خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) پھر سے شروع کیے جانے کا بھی اعلان ارون جیٹلی نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کے لیے 100 ضلعوں میں ایس ای زیڈ بنائے جائیں گے۔ سڑکوں پر خواتین کے تحفظ کے لیے 150 کروڑ روپے کا فنڈ تجویز کیا گیا ہے۔
ہر گھر میں کم از کم دو بینک اکائونٹ ہوں گے۔ ایک بینک اکائونٹ پر ایک ڈیمٹ اکائونٹ کی تجویز ہے۔ سبھی مالی لین دین کے لیے ایک ہی ڈیمٹ اکائونٹ ہوگا۔ سبھی طرح کی سرمایہ کاری کے لیے ایک ہی ’کے وائی سی‘ ہوگا۔ اس کے علاوہ نابینا اشخاص کے لیے خاص قسم کے کرنسی نوٹ چھاپے جائیں گے۔
کسانوں پر خصوصی توجہ
کسانوں کے لیے مٹی ہیلتھ کارڈ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ کسانوں کو 7 فیصد کی شرح پر قرض ملے گا۔ اس سال ’کسان‘ ٹی وی چینل شروع ہوگا۔ اس کے لیے 100 کروڑ روپے کی تجویز ہے۔ دیہی رہائش گاہ منصوبہ کے لیے 8000 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
سرمایہ کاری پر زور
جیٹلی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بہتر بنایا جائے گا۔ سرمایہ کاروں کے مطابق ٹیکس ڈھانچہ بھی تیار کیا جائے گا۔ دفاعی شعبہ میں ایف ڈی آئی 49 فیصد کیے جانے کی بھی تجویز ہے۔ مینوفیکچرنگ اور انشورنس سیکٹر میں ایف ڈی آئی کی حد بڑھا کر 49 فیصد کر دی گئی ہے۔