پچھلی بجٹ کی نقل ہے موجودہ عام بجٹ: سونیا

عام بجٹ کارپوریٹ کا سکھایا پڑھایا ہوا بجٹ ہے: لالو

سونیا گاندھی
سونیا گاندھی

نئی دہلی، 10 جولائی (یو این بی): مودی حکومت کے نئے بجٹ پر تنقید اور تعریف کا دور شروع ہو چکا ہے۔ حامی اسے بہترین بجٹ بتا رہے ہیں تو حزب مخالف بالکل بے کار۔ لیکن تنقید کے اس دور میں ایک دلچسپ بات دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کانگریس ترجمان منو سنگھوی نے کہا ہے کہ بجٹ میں کچھ بھی نیا نظریہ یا منصوبہ نہیں ہے۔ بجٹ میں 99 فیصد پچھلی حکومت کے ہی منصوبے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اچھے دنوں کا وعدہ کرنے والوں نے ایسا کچھ خاص نہیں کیا۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بھی یہی بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ اس بجٹ میں کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ یہ ہماری پالیسیوں اور پروگراموں کی ہی نقل ہے۔
دوسری طرف کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ بجٹ اقتصادی نبض کو دھیما کرنے والا ہے۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ اپنے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے اس بجٹ میں کوئی خاکہ نظر نہیں آتا۔
جبکہ آج مودی حکومت کے ذریعہ پیش کیے گئے عام بجٹ کو لالو پرساد نے بے کار بجٹ بتایا ہے۔ لالو پرساد نے ایک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’’یہ کارپوریٹ کا سکھایا پڑھایا ہوا بجٹ ہے۔ ایسے بجٹ سے تو بارش بھی نہیں ہوگی۔‘‘ لالو نے کہا ’’مودی حکومت نے نعرہ دے دے کر عوام کو خوب بے وقوف بنایا ہے۔‘‘ لالو نے اپنے خاص مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’’خوب نعرہ دیا ہے کہ ترنتے اچھا دن آ جائے گا جیسے کہ علاء الدین کا چراغ ہے۔‘‘ لالو نے آگے کہا ’’پہلے تو ٹی وی میں بول بول کے خوب تعریف بٹورا کہ اچھے دن لائیں گے، اچھے دن لائیں گے، لیکن بجٹ آتے ہی کلٹی مار دیا۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں لالو نے کہا ’’پہلے ہم لوگوں کا خوب برائی کیا، گالی دیا لیکن جب اپنا باری آیا تو سمجھ میں آ رہا ہے۔ اب اس کا پسینہ چونے لگا ہے۔‘‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *