
امت شاہ کے بیٹے کی شادی کے لیے قانون طاق پر، ڈیوائیڈر توڑ کر راتوں رات سڑک تعمیر
احمد آباد، 12 جولائی (یو این بی): بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر اور وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی امت شاہ کے بیٹے جے کی شادی 13 جولائی کو ہونے والی ہے۔ امت شاہ کے بیٹے کی شادی کے لیے ہائیوے اتھارٹی کے قوانین کو طاق پر رکھتے ہوئے اسٹیٹ ہائیوے کا ڈئیوائیڈر توڑ کر سڑک بنا دیا گیا ہے۔ احمد آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہ کے بیٹے کی شادی کے لیے اتنی پرجوش ہے کہ اس نے ڈیوائیڈر کا ایک بڑا حصہ توڑنے میں تھوڑی بھی جھجک نہیں دکھائی۔ ایک مقامی اخبار کے مطابق امت شاہ کے بیٹے کی شادی کے لیے احمد آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے قوانین کو طاق پر کھ دیا ہے۔ اس شادی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بھی پہنچنے کا امکان ہے۔ ایسے میں گجرات ہائیوے کے ڈیوائیڈر کا ایک بڑا حصہ توڑ کر راتوں رات سڑک اس لیے تعمیر کیا گیا تاکہ شاہ کے مہمان اور وی وی آئی پی لوگوں کو کسی طرح کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اخبار کے مطابق ایس جی شاہراہ واقع وائی ایم سی اے کلب میں اتوار 13 جولائی کو شاہ کے بیٹے جے کی شادی ہے۔ کلب کے سامنے اسٹیٹ ہائیوے کا ڈیوائیڈر تھا، جسے توڑ کر شاہراہ سے ایک جڑی ہوئی ’لنک روڈ‘ بنا دی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈیوائیڈر کے بغل سے گزری ’اپروچ روڈ‘ پچھلے کئی سالوں سے خستہ حال تھی، لیکن اس پر دھیان نہیں دیا جا رہا تھا۔ اب شاہ کے بیٹے کی شادی ہے تو اپروچ روڈ کے علاوہ ڈیوائیڈر توڑ کر بھی سڑک تعمیر کی گئی ہے۔