
آگرہ کے مہتاب باغ میں مغل خزانہ برآمد
آگرہ، 13 جولائی (یو این بی): تاج محل کے سامنے کالا تاج ہونے کی حقیقت اب سامنے آنے لگی ہے۔ مہتاب باغ میں چل رہی کھدائی میں مغلیہ خزانہ نکلنے لگا ہے۔ باغ میں جمنا کے کنارے واقع دیوار کے برابر میں تقریباً چھ میٹر کی گہرائی میں مغل قالین فرش ملا ہے۔ اس میں چونا اور لاکھوری اینٹیں لگی ہوئی ہیں۔ باغ کی دیوار کے سہارے جمنا ندی کے نیچے اور ہشت پہلو ٹینک کے نزدیک کھدائی میں مل رہے پتھر اور زمین کے اندرون میں دبا ہوا فرش باغ یہاں کبھی عظیم الشان میموریل ہونے کی داستان بیان کر رہے ہیں۔
ہندوستانی آثار قدیمہ سروے (اے ایس آئی) اور ورلڈ مانیومنٹ فنڈ میں جمنا کنارے مہتاب باغ میں ریور فرنٹ گارڈن تعمیر کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔ مہتاب باغ کی تاریخ معلوم کرنے کے لیے تقریباً سوا مہینے سے اے ایس آئی کھدائی کرا رہا ہے۔ یہاں سابق میں باغ کی برجی کے سہارے کنوئیں والی بنیاد، ہشت پہلو ٹینک کا زمین میں دھنسا حصہ، جمنا کے نیچے اور باغ میں میموریل کے دھنسے ہوئے باقیات ملے ہیں۔ سنیچر کے روز مہتاب باغ میں میموریل کی جمنا کنارے دیوار کے سہارے ٹرینچ بنا کر چل رہی کھدائی میں چھ میٹر نیچے نکلے مغلیہ خزانہ نے ہندوستانی آثار قدیمہ سروے کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔ یہاں کھدائی میں دیوار کے سہارے بنا فرش ملا ہے۔ فرش اور جگہ جگہ سے نکل رہے پتھر باغ میں عظیم الشان میموریل ہونے کی بات ثابت کر رہے ہیں۔ اے ایس آئی نے مہتاب باغ میں اب کام کا دائرہ مزید بڑھا دیا ہے۔ ہشت پہلو ٹینک کے نزدیک گھاس ہٹانے کے ساتھ جمنا کے نیچے دیوار کے برابر میں پنپنی جھاڑیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ ملازمین کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ کام میں تیزی آئے۔
ذرائع کے مطباق مرکزی وزیر مملکت برائے سیاحت و ثقافت شری پد نایک سوموار کو آگرہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دن شام کو وہ مہتاب باغ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ تاج ہیریٹج کاریڈور اور مغربی دروازے پر چل رہے ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کریں گے۔