پٹنہ، 13 جولائی (یو این بی): بہار میں اتوار کے روز ایک سابق وزیر کے بیٹے کی کار چرانے کے الزام میں ناراض لوگوں نے پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ کے بعد پولس نے نامعلوم بھیڑ کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے جانچ شروع کر دیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے سابق وزیر رام آشرے ساہنی کے بیٹے راجیو کمار کا بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ پولس افسران کے مطابق سمستی پور ضلع کے دلسنگھ سرائے میں راجیو کمار کو لوگوں نے مبینہ طور سے کار چراتے ہوئے پکڑ لیا تھا جس کے بعد مشتعل بھیڑ نے اس کی خوب پٹائی کی۔ پٹائی کے بعد راجیو زخموں کی تاب نہ لا سکا اس لیے اس کی موت واقع ہو گئی۔
واضح رہے کہ ساہنی کے بیٹے راجیو کمار کو پہلے بھی کار چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا تھا۔ سابق وزیر کے بیٹے کے قتل کے بعد پولس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور لاش کو ’مورچری‘ میں رکھوایا۔ نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر پولس قتل کے ملزمین کو گرفتار کرنے کی کوشش میں مصروف ہے لیکن فی الحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔