مودی نے ’نمبر 2‘ کا درجہ کسی کو نہیں دیا!

نئی دہلی، 13 جولائی (یو این بی): نریندر مودی حکومت میں نمبر 2 راج ناتھ ہیں یا پھر ارون جیٹلی؟ اس بے حد تجسّس آمیز سوال کا اشارتاً جواب اتوار کے روز برازیل دورہ پر روانہ ہوتے ہوئے مودی نے دے دیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے برازیل روانگی سے قبل حکومت میں کسی کو بھی نمبر 2 کا درجہ نہیں دیا۔ ابھی تک یہی روایت رہی ہے کہ وزیر اعظم جب غیر ملکی دورہ پر جاتے ہیں تو کام کی ذمہ داری کابینہ کے سب سے مضبوط وزیر کے سپرد کرتے ہیں۔ مودی کے برازیل دورہ پر جانے کے تئیں لوگوں کی نظر اس بات پر زیادہ تھی کہ وہ یہ ذمہ داری راج ناتھ یا جیٹلی میں سے کس کو دیتے ہیں۔

خصوصی ذرائع کے مطابق مودی نے یہ ذمہ داری کسی کو نہیں دی ہے۔ اس بات کا انکشاف ایک ٹی وی رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے۔ مودی کی غیر موجودگی میں ان کا کام ’پی ایم او‘ (وزیر اعظم دفتر) میں وزیر مملکت جتندر سنگھ دیکھیں گے۔ وہ پارلیمنٹ میں پی ایم او سے جڑے سوالوں کے جواب دیں گے۔ اس سے قبل بی جے پی نے سنیچر کو پارلیمانی پارٹی میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر مالیات و دفاع ارون جیٹلی دونوں ہی کو برابری کے ساتھ ’نمبر 2‘ پر ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن اس میں تصور کیا جا رہا تھا کہ مودی کی غیر حاضری میں راج ناتھ سنگھ ایوان کے ڈپٹی لیڈر ہونے کے ناطے ایوان اور حکومت کی قیادت کریں گے۔
بی جے پی نے راج ناتھ کو لوک سبھا اور جیٹلی کو راجیہ سبھا میں پارٹی کا ڈپٹی لیڈر مقرر کیا تھا۔ راجیہ سبھا میں جیٹلی برسراقتدار پارٹی کے لیڈر کے ناطے ایوان کے لیڈر پہلے ہی مقرر کیے جا چکے ہیں، لیکن پارٹی نے اپنے بیان میں انھیں راجیہ سبھا میں پارٹی کا ڈپٹی لیڈر مقرر کیا۔ پارٹی نے راجیہ سبھا میں الگ سے اپنا لیڈر کسی کو مقرر نہیں کیا ہے۔ اس طرح پارلیمنٹ کے اندر مودی اور جیٹلی اپنے اپنے ایوان کے لیڈر ہوں گے، لیکن پارٹی پارلیمانی پارٹی میں جیٹلی ’راجیہ سبھا میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر‘ کے طور پر ہی جانے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *