
دہلی میں مہنگائی کی ایک اور مار، بجلی 8.32 فیصد مہنگی
نئی دہلی، 17 جولائی (یو این بی): دن بہ دن بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کی پریشانی میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آج دہلی میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کے اعلان کے بعد عوام پر مہنگائی کی مزید مار پڑی ہے۔ ذرائع کے مطابق دہلی میں بجلی پہلے کے مقابلے میں 8.32 فیصد مہنگی ہو گئی ہے۔ ڈی ای آر سی کے چیئرمین پی ڈی سدھاکر نے پریس کانفرنس کر کے اس بارے میں جانکاری دی۔ 200 یونٹ کے بجلی استعمال پر 10 پیسے جب کہ 200 سے 400 یونٹ تک 15 پیسے کی شرح سے اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح 400 سے 800 یونٹ تک بجلی استعمال پر پچاس پیسے کی شرح سے قیمت بڑھائے گئے ہیں۔ 800 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے لوگوں کو اب 1.10 روپے فی یونٹ اور 1200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کو 1.75 روپے فی یونٹ زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگا۔ بہر حال، بڑھتی مہنگائی کے خلاف شور تو سبھی طرف سنائی دیتا ہے لیکن اس سے نجات دلانے کے طریقے ابھی تک ندارد ہیں۔