’ویاپم‘ گھوٹالہ میں شیو راج نے ایک بار پھر استعفیٰ سے انکار کیا

نئی دہلی، 20 جولائی (یو این بی): مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش پیشہ ورانہ امتحان بورڈ (ویاپم) گھوٹالہ کے لیے میں قصوروار نہیں ہوں۔ ساتھ ہی انھوں نے اس معاملے میں وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے سے ایک بار پھر انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے نااتفاقی کی بات کو بھی سرے سے خارج کر دیا ہے۔ شیوراج نے کہا کہ ویاپم گھوٹالہ کے لیے ریاستی حکومت قصوروار نہیں ہے۔ ان کے مطابق حزب مخالف اس معاملے میں لگاتار حکومت کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس معاملے میں قصوروار پائے گئے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ویاپم گھوٹالہ کے انکشاف کے بعد سے کانگریس لگاتار شیو راج حکومت کے خلاف سرگرم نظر آ رہی ہے۔ کانگریس اس معاملے میں گزشتہ کافی مدت سے شیوراج سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس گھوٹالے میں کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے کئی لیڈران شامل ہیں۔ لیکن بی جے پی کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں اسے پھنسایا جا رہا ہے۔ پارٹی اور حکومت کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *