گجرات میں ملک کے سب سے بڑے حوالہ گھوٹالہ کا انکشاف، 79 کے خلاف چارج شیٹ جاری

احمد آباد، 20 جولائی (یو این بی): انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گجرات میں حوالہ کے ذریعہ 5 ہزار 395 کروڑ روپے کے لین دین کا پتہ لگایا ہے اور اس معاملے میں 79 ملزمین کے خلاف چارج شیٹ جاری کیا گیا ہے۔ افسران نے اس بدعنوانی کو ملک کا سب سے بڑا حوالہ گھوٹالہ قرار دیا ہے۔ افسران کے مطابق ریاست میں حوالہ کے ذریعہ سونا اور پراپرٹی کے لین دین کا دھندا کیا جا رہا تھا۔ اس کام کے لیے گزشتہ سال دسمبر اور اس سال جنوری، فروری میں سورت میں آئی سی آئی سی آئی بینک کے دو برانچ کا استعمال کیا گیا۔

احمد آباد میں ای ڈی کے افسران نے بتایا کہ اس معاملے کی تفتیش آئی سی آئی سی آئی بینک کے ذریعہ سورت میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے بعد شروع ہوئی۔ اس معاملے میں جمعہ کو 79 ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کیا گیا ہے۔ معاملے کے تین اہم ملزمین میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ ایک فرار ہے۔ گرفتار شدگان میں سے افروز حسن پھٹّا کو دو مہینے قبل ہی گرفتار کر لیا گیا تھا اور مدن جین کو گزشتہ جمعرات کو گرفتار کیا گیا۔ ایک دیگر اہم ملزم بلال ہارون گیلانی فرار ہے۔
واضح رہے کہ افروز پھٹّا ہیرا تاجر ہے اور گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران نریندر مودی کے ساتھ ان کی تصویر آنے کے بعد کافی تنازعہ ہوا تھا۔ کانگریس نے نریندر مودی پر سورت کے حوالہ کاروباری افروز پھٹّا سے قریبی رشتہ ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ کانگریس نے مودی کے ’وِکاس یاترا‘ کے دوران اسٹیج پر افروز کے ساتھ مودی کی ایک تصویر بھی جاری کی تھی۔ اس سے قبل مارچ میں ای ڈی نے سورت میں افروز کے گھر پر چھاپہ ماری کر کے 700 کروڑ روپے ضبط کیے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *