مانسون دھیرے دھیرے اپنا رنگ دکھا رہا ہے، اب گھبرانے کی ضرورت نہیں: حکومت

ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا میں مانسون کا منظر (تصویر :معیشت)
ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا میں مانسون کا منظر (تصویر :معیشت)

مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جولائی کے مہینے میں بارش کے زور پکڑنے سے مانسون میں تاخیر کا ازالہ ہوتا نظر آ رہا ہے اور اس کی کمی گھٹ کر 31.32 فیصد پر آ گئی ہے۔ ملک کے مختلف صوبوں میں ہو رہی بارش سے کسانوں کو بھی راحت ملی ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ اب بلا سبب گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل لکشمن سنگھ راٹھور نے کہا ’’مانسون کی کمی میں 12 فیصد کی گراوٹ آئی ہے اور مجموعی کمی تقریباً 31 فیصد ہے۔ اس سے کسانوں کو ضروری راحت ملے گی اور پانی کی قلت دور ہوگی۔‘‘

ایک سرکاری بیان میں وزیر مملکت جتندر سنگھ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 13 جولائی سے شروع ہونے والے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران مانسون میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے اور پورے ملک میں مانسون میں 11 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ مسٹر سنگھ نے یہاں واقع ہندوستانی محکمہ موسمیات کے موسم بھون کا دورہ کیا تاکہ گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران درج کیے گئے مانسون سے متعلق اعداد و شمار کا ذاتی طور پر مشاہدہ کر سکیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اعداد و شمار کے سائنسی تجزیہ کے بعد انھوں نے کہا کہ پورے ملک کے لیے امیدیں بندھی ہیں کیونکہ پورے جون مہینے اور جولائی کے پہلے دو ہفتہ کے دوران مانسون میں 43 فیصد کی کمی تھی۔ 13 جولائی 2014 کو شروع ہوئے ہفتہ کے دوران یہ کمی صرف 32 فیصد رہ گئی ہے۔ اس طرح سے مانسون میں 11 فیصد کی بہتری ہوئی ہے۔‘‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ سائنسدانوں اور ماہر موسمیات سے بات چیت کرنے کے بعد خصوصی طور پر وسطی ہندوستان اور جنوبی ہندوستان کے ساحلی علاقوں کے لیے آئندہ دو ہفتہ کی پیشین گوئی بھی اچھی ہے۔ انھوں نے کہا ’’اس لیے مانسون کے معاملے پر بلاسبب گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ موسم سے متعلق پیشین گوئیوں سے اشارہ ملتا ہے کہ یکم اگست سے ملک میں مناسب بارش ہوگی۔ واضح رہے کہ مانسون 17 جولائی تک پورے ملک پورے ملک میں پہنچ گیا تھا۔ مجموعی طور پر ملک میں 241 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ عام طور پر 347.7 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا کہ وسط اور شمال مغربی ہندوستان میں کم بارش ہو رہی تھی لیکن اب ان علاقوں میں بھی مانسون بہتر ہو رہا ہے۔ راٹھور نے کہا کہ مانسون کے شمالی، وسط، جنوب اور مشرقی ہندوستان میں آئندہ دو ہفتہ تک اچھا رہنے کی امید ہے۔ حالانکہ شمال مغربی ہندوستان میں بارش اب بھی کم ہو سکتی ہے جس میں مغربی راجستھان اور کَچھ کے علاقے آتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *