آئی اے ایس اور آئی پی ایس کی طرز پر انڈین میڈیکل سروس کا امتحان!

نئی دہلی، 23 جولائی (یو این بی): کیا آپ نے آئی اے ایس یا آئی پی ایس کی طرح انڈین میڈیکل سروس کے بارے میں سنا ہے؟ مرکزی وزارت صحت ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹریننگ (ڈی او پی ٹی) کے ذریعہ بھیجی گئی اس تجویز پر غور کر رہا ہے جس میں الگ سے سرکاری ڈاکٹروں کا ایک ’پول‘ بنانے کی بات کہی گئی ہے۔ انڈین میڈیکل سروس کی تجویز کئی سالوں سے زیر التوا ہے۔ لیکن اب لگتا ہے کہ مودی حکومت میں اسے آخری شکل دے دی جائے گی۔ وزارت کے افسران نے نام نہ شائع کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈی او پی ٹی نے دو پرائیویٹ پارٹی پروپوزل بھیجے تھے، جس میں وزارت صحت سے انڈین میڈیکل سروس بنائے جانے پر غور کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ تجویز میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس کی طرز پر ڈاکٹروں کے لیے آل انڈیا سروس شروع کیے جانے کی بات ہے۔ اس میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس کی طرح ہی ٹریننگ، ورکنگ کنڈیشنز اور دیگر سہولیات دینے کی تجویز ہے۔ حالانکہ مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے اس معاملے میں تبصرہ کرنے سے منع کر دیا، لیکن معاملے کی جانکاری رکھنے والے ذرائع پر اعتماد کیا جائے تو ہرش وردھن اس تجویز سے متفق ہیں۔ وزارت کے ایک سینئر افسر نے بتایا ’’اس تجویز پر نئے سرے سے غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم نے افسران کو اس معاملے سے منسلک پرانی فائلوں کو باہر نکالنے کا حکم دیا ہے۔‘‘ پبلک ہیلتھ کیئر مودی حکومت کی ترجیحات میں ہے۔ خود وزیر اعظم اس سیکٹر پرکیے جانے والے خرچ کو دوگنا کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن کے مطابق آئی ایم ایس تجویز گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے زیر التوا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *