گاندھی نگر، 26 جولائی (یو این بی): ملک کے آڈٹ اور اکائونٹ کی جانچ کرنے والے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) نے اپنی جانچ رپورٹوں میں گجرات حکومت کی یہ کہتے ہوئے سرزنش کی ہے کہ اس نے ریاست کے مالی وسائل کے ساتھ بے ضابطگی کی۔ سی اے جی نے اپنے رپورٹ میں کہا ہے کہ بدنظمی کے سبب ہی ریاستی حکومت کو 25 ہزار کروڑ کا نقصان ہوا ہے جس میں ریلائنس پٹرولیم، ایسار پاور اور اَڈانی گروپ کو غلط طریقے سے 1500 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچانا شامل ہے۔ ایک انگریزی روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق سی اے جی رپورٹ کو گجرات اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آخری دن یعنی جموہ کو ایوان میں رکھا گیا۔ اقتصادی شعبہ پر سونپی گئی اپنی رپورٹ میں سی اے جی نے کہا کہ گجرات سمندری بورڈ نے ’کیپٹیو جیٹی ایگریمنٹ‘ کے تحت ریلائنس پٹرولیم لمیٹڈ کے ساتھ نامناسب کم کیا ہوا ٹیکس لگایا جس سے ریاستی حکومت کے خزانے میں 649.29 کروڑ روپے کم حاصل ہوئے۔ سی اے جی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’گجرات اورجا وکاس نگم لمیٹڈ‘ (جی یو وی این ایل) نے بجلی خرید کے معاملے پر ایسار پاور گجرات لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد مقام تقسیم طے نہیں کیا جس سے حکومت کو 587.50 کروڑ کا خسارہ ہوا۔
سی اے جی کے مطابق مندرا بندرگاہ میں اڈانی گروپ کے ذریعہ کروائے گئے پہلے مرحلے کی تعمیر پر نظر نہیں رکھنے سے حکومت کے خزانے کو 118.12 کروڑ کا نقصان ہوا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جی یو وی این ایل نے شمسی توانائی کمپنیوں کو طے قیمت سے زیادہ ادائیگی کی جس سے صارفین پر 473.20 کروڑ کا بوجھ پڑا۔