بہار: کوسی ندی کی آبی سطح میں اضافہ، ہائی الرٹ

پٹنہ:(یو این بی): نیپال میں زمین کھسکنے کے واقعہ سے کوسی ندی کی آبی سطح میں اچانک اضافہ ہونے سے بہار حکومت نے اس علاقے کے سبھی ضلعوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بہار کے آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری نے بتایا کہ نیپال میں کوسی ندی کے آبی حلقوں کے تحت بھوٹے کوسی ندی میں سندھو پال ضلع کے تحت کھدی چور کے نزدیک اچانک زمین کھسکنے اور اس کے سبب کافی مقدار میں پانی رکے ہونے کی اطلاع ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوسی ندی کے آبی بہائو اور آبی سطح میں ویر پور براج پر زیادہ اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ چودھری نے بتایا کہ نیپال حکومت کے ذریعہ سنیچر کی صبح مطلع کیا گیا ہے کہ زمین کھسکنے کے سبب کوسی ندی میں 10 میٹر کی اونچائی تک پانی کی روانی ہوگی جس سے کوسی ساحلی پشتہ کے اندر بسے لوگ متاثر ہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ آبی وسائل محکمہ کے ذریعہ متعلقہ چیف انجینئر اور ضلع افسران کو الرٹ جاری کر کے ضروری احتیاطی کارروائی کے لیے حکم صادر کر دیا گیا ہے۔

مسٹر چودھری نے بتایا کہ کوسی ساحلی پشتہ کے اندر بسے لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ جلد ہی اپنی ضلع انتظامیہ کے ذریعہ قائم کیمپ میں جا کر پناہ لیں۔ انھوں نے بتایا کہ متاثر ہونے والے ضلعوں میں سپول، مدھوبنی اور سہرسہ کے ضلع افسران کو کیمپ میں پناہ لینے والوں کے لیے ضروری سہولت مہیا کرانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ چودھری نے بتایا کہ ساتھ ہی بچائو اور راحت کام کے لیے ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی تعیناتی کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *