بغیر گائیڈ لائن کے ای رکشہ چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی: دہلی ہائی کورٹ

نئی دہلی، 5 اگست (یو این بی): دہلی ہائی کورٹ نے منگل کے روز یہ واضح کر دیا کہ ای-رکشہ پر پابندی جاری رہے گی۔ عدالت نے کہا کہ ای-رکشہ پر کنٹرول رکھنے کے لیے گائیڈ لائن (شرائط و ضوابط) بہت ضروری ہے اور اس کے بغیر انھیں چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ حکم سنانے کے ساتھ ہی عدالت نے مرکزی حکومت کو اس سلسلے میں گائیڈ لائن کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔

جسٹس بی ڈی احمد اور جسٹس سدھارتھ مردُل کی بنچ نے کہا ’’ہماری فکر بالکل واضح ہے اور ہم بغیر کسی ضابطہ کے ایسے ای-رکشہ کو چلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘‘ دہلی حکومت اور مرکز کی جانب سے پیش ہونے والی ایڈیشنل سالیسٹر جنرل پنکی آنند نے کہا کہ مدعا تقریباً 50,000 ای-رکشہ مالکوں کی روزی روٹی سے جڑا ہوا ہے اور دہلی پولس اور میونسپل ایجنسیوں کی نگرانی میں انھیں چلانے کی اجازت دی جائے۔ اس پر بنچ نے کہا ’’ہم کسی بھی غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دیں گے۔ آپ ہمیں دکھائیے کہ کس گائیڈ لائن یا قانون کے تحت پولس ان پر قابو کرے گی۔ کوئی پالیسی ہونے پر ہی ہم انھیں چلانے کی اجازت دے سکتے ہیں کیونکہ قانون کے شرائط کی تعمیل ہونی ہی چاہیے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’ہم بھی خوش نہیں ہیں لیکن ہمیں ملک کی راجدھانی میں بدامنی کی اجازت نہیں دینی چاہیے جو ملک کے سبھی شہروں کے لیے ایک ’ماڈل شہر‘ کے طور پر ہونا چاہیے۔‘‘
اس جواب پر پنکی آنند نے کہا کہ مرکز اس مدعے پر گائیڈ لائن کا مسودہ تیار کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گائیڈ لائن کے قانونی ترمیم کا مقام لیے جانے ای-رکشہ کو چلانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ اس کے بعد عدالت نے بیٹری رکشہ ویلفیئر ایسو سی ایشن کی ریویو پٹیشن پر سماعت کے لیے 8 اگست کی تاریخ مقرر کی۔ عدالت راجدھانی کی سڑکوں پر ای-رکشہ پر لگائی گئی پابندی کے اپنے حکم پر دوبارہ غور کرنے کے لیے عرضی کی سماعت پر سوموار کو متفق ہو گئی تھی۔ ایسو سی ایشن کے وکیل آر کے کپور نے معاملے میں فوراً سماعت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکٹرک موٹر سے چلنے والی تین پہیہ گاڑیوں کی گائیڈ لائن سے متعلق سڑک ٹرانسپورٹیشن اور شاہراہ وزارت کی جانب سے سبھی ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام صوبوں کو مشورہ دیا گیا ہے۔ انھوں نے دلیل دی تھی کہ عدالت کی جانکاری میں اس ’مشورہ‘ کو نہیں لایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عدالت نے 31 جولائی کو یہ کہتے ہوئے قومی راجدھانی میں ای-رکشہ چلانے پر پابندی کا حکم دے دیا تھا کہ دہلی کی سڑکوں پر ان کو غیر قانونی طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *