نئی دہلی، 7 اگست (یو این بی): نیشنل ہیرالڈ معاملے میں دہلی کی ایک عدالت نے معاملے کی سماعت 28 اگست تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔ آج عدالت میں پیشی کے لیے ہائی کورٹ نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کو راحت مہیا کی تھی۔ ہائی کورٹ میں اس معاملے کی سماعت 13 اگست کو ہونی ہے۔ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں راہل-سونیا سمیت 6 لوگوں پر معاملہ درج کرایا ہے۔ معاملے کی سماعت کے دوران آج راہل-سونیا کے وکیل نے دہلی کی عدالت کو ہائی کورٹ کے حکم کی جانکاری دی، جس کے بعد معاملے کی سماعت 28 اگست تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ راہل-سونیا کے وکیل نے عدالت کو مطلع کیا کہ اس معاملے میں ملزم بنائے گئے سیم پیترودا کو نوٹس نہیں ملا ہے اور وہ امریکہ میں ہیں۔ اس سلسلے میں سوامی نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ خود انھیں نوٹس پہنچائے۔