تجارت میں کامیابی کے لیے کیا ضروری ہے؟

کامیابی کے لیے کیا ضروری ہے؟ پیسہ، جذبہ، جہد مسلسل یا کچھ اور؟ زیر نظر تحریر میں اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
کامیابی کی تڑپ انسانی فطرت میں شامل ہے۔ اسی کی تگ و دو میں وہ اپنی ساری زندگی صرف کر دیتا ہے۔ کامیابی یا ناکامی دونوں صورتوں میں انسان زندگی سے بہت کچھ حاصل کر لیتا ہے۔ ناکامی سے سبق اور عبرت حاصل کرتاہے۔ کامیابی سے دولت، شہرت اور عزت حصے میں آتی ہے۔کامیابی اور ناکامی میں سب سے زیادہ اہم سمت کا انتخاب ہوتا ہے۔ یہی چیز انسان کو بلندی یا پستی میں لے جاتی ہے۔
اگر انسان کامیابی کو اپنا زیور بنانا چاہتا ہے ، ناکامی کا بار برداشت نہیں کرنا چاہتا تو خود تجربہ کرنے کے بجائے دوسروں کے تجربات اور مشاہدات سے فائدہ اٹھائے۔ وہ جن گُروں کو کامیابی کی کلید بتلاتے ہیں، انہیں کام میںلاکر بہت جلد کامیابی کی چوٹی سر کی جاسکتی ہے۔
آئیے! کامیابی کے گُر سیکھ کر ان پر عمل کیجیے۔ یہ گُر کتابی باتیں نہیں بلکہ عملی انسانوں کے سیکھے اور سمجھے ہوئے اصول ہیں۔
1 کامیابی کے پیچھے سب سے زیادہ اہم کردار خوش اخلاقی کا ہوتا ہے۔ مشکل سے مشکل حالات میں خوش اخلاقی کا دامن کبھی نہ چھوٹنے پائے۔ چینی کہاوت ہے:’’ جس چہرے پر مسکراہٹ نہیں اور جس کا اخلاق اچھا نہیں، اسے دکان نہیں کھولنی چاہیے۔‘‘ خوش اخلاق انسان اچھے دوست اورکاروبار کے بہترین مواقع زیادہ پاتا ہے۔ اگر کاروبار شروع کرنا ہے ، اس میں کامیاب بھی ہونا ہے تو بہت زیادہ خوش اخلاق ہونا پڑے گا۔
2 کاروبار میں کامیاب ہونے کے لیے ایک پروڈکٹ پر کام کرنا ہوتا ہے۔ ایک آئٹم کو بہت کامیاب طریقے سے بازار میں لاسکتے ہیں تو باقی آئٹمز خود بخوداپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ جب بہت ساری پروڈکٹس پر اکٹھے کام کر رہے ہوتے ہیں تو آپ کی توجہ بٹ جاتی ہے۔ ترقی کرنے کے لیے بھرپور توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہر فن مولا نہیں بننا چاہیے۔ ایک کام ، مگر کمال کا کیجیے۔ باقی کاموں کے لیے ماہر ین کی خدمات حاصل کیجیے۔
3 قدرت مستقل مزاج اور محنتی انسان پر ضرور مہربان ہوتی ہے۔ بے شمار لوگ اس لیے کامیاب نہیں ہوتے کہ ان میں استقامت نہیں ہوتی۔ دراصل مستقل مزاج انسان اس یقین کا اظہار بھی کر رہا ہوتا ہے کہ ذات خداوندی اس کی محنت کو ضائع نہیں کر ے گی، بلکہ بہترین وقت میں شاندار انعام عطا فرمائے گی۔
4 ہزاروں کروڑ پتی لوگوں پرتحقیق کی گئی، ان سب کی کامیابی کا نمایاں ترین عُنصر امانت داری ثابت ہوا۔ کامیابی ان کے قدم چومتی ہے جن کی امانت داری کی قسمیں دشمن بھی کھائیں۔ کاروبار میں ترقی کے لیے امانت داری تیر بہدف ہے۔ آپ یہ دوسرے کے لیے نہیں کر رہے ہوتے، درحقیقت اس میں آپ کا اپنا فائدہ ہوتا ہے۔
5 امید ہی وہ طاقت ہے، جو قدم اٹھانے اور آگے بڑھنے پر اکساتی ہے۔ مایوسی کو گناہ سمجھیے۔ مایوسی آپ کے خواب چھین لیتی ہے۔ راستے میں ہزار رکاوٹیں اور مشکلات آئیں گی لیکن کبھی بھی امیدکا ساتھ نہ چھوڑیے۔
6 لوگ بہت سا پیسہ کمانا چاہتے ہیں اور کامیاب بھی ہونا چاہتے ہیں، لیکن کوئی بھی معاشرے میں ایک باعزت مقام حاصل کرنے کا نہیں سوچتا۔ ترقی کرنے کے مواقع تب زیادہ ہوتے ہیں، جب آپ ایک عزت والا مقام حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں۔ عزت ہمیشہ اس کو ملتی ہے جو اس کااہل ہوتا ہے۔ جب آپ اہلیت کے حصول کے لیے محنت کرتے ہیں، کامیابی خود بخود آپ کے قدم چومتی ہے۔ پیسہ ہی آپ کی کمائی نہیں بلکہ عزت بھی کمائی ہی کا حصہ ہے۔
7 کاروبار کی کامیابی یا ناکامی میں آپ کے عملے کا بہت بڑا دخل ہے۔ کوئی بھی ادارہ جب ترقی کرتا ہے جب ملازمین، اسے اپنا ادارہ سمجھیں۔ چھوٹا کاروبار چلانے کے لیے ٹیم اتنی اہم نہیں لیکن ایک بڑے کاروبارکے لیے آپ کو ایک بہترین ٹیم درکار ہوتی ہے۔ ٹیم بھی وہی شخص بنا سکتا ہے جس میں لیڈر شپ کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ ایک اچھا لیڈر باصلاحیت لوگوں کو پہچان لیتا ہے، ان کو اس مقام پر تعینات کرتا ہے جہاں وہ بہترین نتائج دے سکیں۔
8 لوگ جو قیمت ادا کرتے ہیں، وہ بھول جاتے ہیں لیکن آپ کے پروڈکٹ کے معیار کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ وہ کبھی بھی آپ کے پروڈکٹس کے معیار اور کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کرتے۔ معیار اور نام بھی ایک دم نہیں بنتا بلکہ یہ کئی سالوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کا ثمرہ ہوتا ہے۔کاروباری سفر کی شروعات میں کئی دفعہ کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لیے بہت سے نقصانات بھی برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ آخر کار کوالٹی اور کام کا معیار پیسے اور خوشحالی کو خود بخود کھینچ لیتا ہے۔نقصانات کی تلافی بھی ہوجاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *